ایپل نے صرف ایک ماہ بعد ہی ایپل آئی او ایس ، آپریٹنگ سسٹم کا نیا ورژن جاری کیا ہے جسے iOS 15.4.1 کا نام دیا گیا ہے۔ اس نئے ورژن میں ایک بڑا مسلہ دور کیا گیا ہے جو ایپل فون اور دیگر مصنوعات میں بیٹری کو تیزی سے پھونک رہا تھا۔
نئے ورژن میں موجود سب سے بڑے مسئلے کا حل کیا گیا ہے جو اس سے قبل آئی او ایس 15.4 میں پیش کیا گیا تھا۔ اس میں ایک بگ یہ تھا کہ وہ تیزی سے بیٹری کا چارج ختم کررہا تھا۔ جب لوگوں نے اس ضمن میں اپنے مسائل کا اظہار کیا تو ایپل نے ٹویٹر پر شکایت کے 48 گھنٹے بعد کہا کہ وہ اس مسئلے کے حل پر غور کررہے ہیں۔ اس کے چند دنوں بعد جمعرات کو نیا آئی او ایس ورژن پیش کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 15 مارچ کو جب 15.4 ورژن پیش کیا گیا تو اس میں کئی زبردست آپشن پہلے سے ہی موجود تھے۔ اول ماسک پہننے کے باوجود بھی فیس آئی ڈی کام کررہی تھی اور اسے بہت محنت سے بنایا گیا تھا۔ دوم اس میں یونیورسل کنٹرول اور 37 نئی ایموجیز بھی شامل کی گئی تھیں۔