کراچی:
فیفاورلڈ کپ میگاایونٹ کی بڑی تیاریاں کراچی کے بلوچ علاقوں میں شروع ہوگئیں، ملیر، لیاری سمیت دیگر علاقوں میں شائقین فٹبال نے اپنے من پسند ٹیموں اور کھلاڑیوں کی پینٹنگ دیواروں پر کرنا شروع کردیں۔
فٹبال شائقین نے اپنے علاقوں کو ورلڈ کپ کا میدان بنالیا، چھوٹے بڑے سب ہی میگاایونٹ کے بڑے میچز دیکھنے کے لیے اسکرین لگانے کی تیاریاں تو کررہے ہیں ساتھ ہی اپنے فیورٹ ٹیم کے شرٹس نام کے ساتھ خریدنے میں مصروف ہیں۔
معروف انٹرنیشنل فٹبالر اورنگزیب شاہ میر کا کہنا ہے کہ فیفاورلڈ کپ کے آتے ہی کراچی کے خاص کر بلوچ علاقوں میں تیاریاں شروع کی جاتی ہیں جس سے یہاں کے باشندوں کا فٹبال سے لگاؤ کا اندازہ لگایاجاسکتا ہے کہ یہاں فٹبال کے جنونی دیوانے کس قدر ہیں۔
انہوں نے کہاکہ لیاری اور ملیر سمیت بلوچ علاقوں نے پاکستان کو عالمی سطح کے بہترین کھلاڑی دیئے افسوس کہ ان کی قدر کبھی نہیں کی گئی اور نہ ہی یہ کوششیں کی گئی کہ ملک میں فٹبال کو فروغ دینے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں خاص کر لوکل ڈیپارٹمنٹ کو بحال کرکے فٹبال کو زندہ کیاجائے۔
جب سے محکمے بند کردیئے گئے ہیں ہمارے ہیروز گمنام ہوکررہ گئے ہیں۔ اورنگزیب شاہ میر کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر فورم پر فٹبال کی پذیرائی اور اسے عالمی سطح تک لے جانے کے حوالے سے بات کی اور اب بھی ہماری کوشش ہے کہ فٹبال کو حکومت ترجیح دے فٹبالرز کی قدر کرتے ہوئے انہیں مقام دیں۔
آج بھی بچوں سمیت نوجوانوں کے جنون کو فٹبال کے میدان میں دیکھاجاسکتاہے اور ابھی فیفا ورلڈ کپ کے دوران تو جنون کی انتہاء کو پہنچ جاتے ہیں ہم صرف یہ امید اور گزارش کرسکتے ہیں کہ فٹبال گیم کو اہمیت دی جائے اسے بربادی سے بچایاجائے۔
شاکرتاج، ساجد حسین، شاہد سلیم سمیت دیگر انٹرنیشنل فٹبالرزکا کہنا تھاکہ فیفاورلڈکپ ہمارے نوجوان اور بچوں کیلئے بڑی عید جیسا ہی ہے آپ دیکھیں کہ عید کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں میں رونق لگ جاتی ہے جب فیفاورلڈ کپ،
یوروکپ سمیت دیگر انٹرنیشنل ایونٹ ہوتے ہیں تو ہمارے یہاں گلی محلوں کوچوں میں فٹبال کے کلر دکھائی دیتے ہیں اس جنون کی قدر کرنی کی ضرورت ہے۔
اس وقت ملیراور لیاری میں زیادہ تیاریاں کی جارہی ہیں جگہ جگہ شائقین فٹبال اپنے فیورٹ ٹیموں کے پینٹگ اور کھلاڑیوں کی مجسمے بھی بنارہے ہیں جبکہ من پسند ٹیموں کے کٹس بھی خریدرہے ہیں رات بھر فٹبال میدانوں میلہ لگا ہواہے۔
خیال رہے گزشتہ روز فیفا نے اپنے آفیشل پیج پر بھی پینٹنگ کی تصاویر لگاکر اسے سراہا ہے۔