کوئٹہ:
بلوچستان کو شمال و جنوب کے نام پر تقسیم کرنے کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام پریس کلب کوئٹہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ منعقد ۔احتجاجی مظاہرے میں پارٹی کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسیٰ بلوچ سینٹرل کمیٹی کے ممبران غلام نبی مری، گودی شمائلہ اسماعیل بلوچ ضلع کوئٹہ کے صدر احمد نواز بلوچ ضلعی جنرل سیکرٹری آغا خالد ، ضلعی سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی و دیگر شریک تھے-

دریں اثناء بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع خضدار کے زیرِاہتمام ضلعی صدرشفیق الرحمٰن ساسولی کی قیادت میں پارٹی کےمرکزی کال پر بلوچستان کو تقسیم کرنے کی سازشوں اور گوادر کو جنوبی بلوچستان کا دارالحکومت بنانےکےخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جبکہ ضلعی عہدیداران تحصیلوں کے عہدیداران اور سینئر قیادت سمیت کارکنان کی کثیر تعداد پلے کارڈز اٹھائے ریلی میں شریک تھے۔ ریلی بی این پی کےضلعی سیکرٹریٹ سے نکالی گئی، شہرکے مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے آزادی چوک پرجلسےکی شکل اختیار کی۔ ریلی سے بی این پی خضدار کے ضلعی صدر شفیق الرحمٰن ساسولی، تحصیل صدر سفرخان مینگل، لیبر سیکرٹری علی احمد شاہوانی، سابق ضلعی سینئرنائب صدر حیدرزمان بلوچ، سابق ضلعی پروفیشنل سیکرٹری محمدایوب عالیزئی و دیگر نےخطاب کرتے ہوئےکہا کہ بلوچستان بلوچ اور پشتون قوم کی دھرتی ہے، بلوچستان کی تقسیم دونوں اقوام بالخصوص بلوچ قوم کی تقسیم کے مترادف عمل ہے۔