کوئٹہ:
بی ایس او کے مرکزی چئیرمین جہانگیرمنظور بلوچ نے اپنے بیان میں بلوچستان کے ملازمین کے احتجاج کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص کارکردگی سے بلوچستان کا ہرطبقہ سڑکوں پر ہے۔ بلوچستان میں مزدور، زمین دار اور بے روزگار نوجوان پہلے ہی سے حکومتی کارکردگی سے نالاں تھے جبکہ اب ملازمین بھی مجبور ہوکر سڑکوں پر بیٹھ گئے ہیں۔
انہوں نے مذید کہا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے سرکاری ملازمین احتجاج پر ہیں جسکی وجہ سے تمام دفاتر بند ہیں اور سارا سسٹم جام ہے جبکہ حکومت بجائے مسلئے کو حل کرنے کے ملازمین کو ڈرانے اور بلیک میل کرنے پر اتر آئی ہے۔ وزیراعلیٰ اور حکومتی نمائندگان کے بیانات سے لگتا ہے کہ وہ ملازمین کے مسلئے کو مذید پیچیدہ کررہے ہیں۔
چئیرمین بی ایس او کا مذید کہنا ہے کہ اس وقت بلوچستان حکومت کو نااہل ترین لوگ چلارہے ہیں جنکی غیرسیاسی پن نے پورے صوبے کے نظام کو درہم برہم کرکے رکھ دیا ہے۔ دوسرے صوبوں کے طرح بلوچستان کے ملازمین کی تنخواہوں میں بھی 25 فیصد اضافہ کیا جائے۔ ایک طرف ملکی تاریخ کی سب سے بڑی مہنگائی جبکہ دوسرے طرف بلوچستان کے ملازمین کے تنخواہوں میں اضافہ نا کرنا حکومت کی بدترین کارکردگی کو ظاہر کرتے ہیں۔
جہانگیرمنظور نے کہا ہے کہ بی ایس او بلوچستان کے مزدور،کسان،ملازمین،زمین دار اور پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کریگی۔