ضلع بولان کے مختلف علاقوں میں جاری فوجی جارحیت، خواتین اور بچوں کو غیر قانونی حراست میں رکھنے، بلوچ طلباءکی بڑھتی ہوئی جبری گمشدگیوں اور ان پہ ناجائز اور جھوٹے مقدمات لگا کر انہیں پس زندان رکھنے اور بلوچستان میں ریاستی جبر سے بڑھتے ہوئے ذہنی دباؤ پر لوگوں میں خود کشی کرنے اور ان تمام تر واقعات پرکل وی بی ایم پی اور بی وائی سی کراچی نے پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا۔
وی بی ایم پی ، بی وائے سی کراچی کے رہنماؤں اور شرکاءکا کہنا تھا کہ بلوچستان کو آج مقتل میں بدل دیا گیا ہے، بولان سے گزشتہ دنوں تیرہ خواتین بشمول بچے غیر قانونی حراست میں لیئے گئے جنہیں بعدازاں عوامی ردعمل، جبکہ سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کے تنظیموں کی اپیل اور دباؤ کے بعد رہا کر دیا گی ، لیکن یہاں سوال یہ ہے ان بیگناہ اور باعزت بلوچ خواتین اور بچوں کو کیوں غیر قانونی حراست میں لیکر حبس بے جا میں رکھا گیا، ان کو ہراساں کرکے انکی وقار اور عزت نفس کو مجروح کیا گیا، اسکے ذمہ دار ریاستی ادارے ہیں اور انہیں اس کا جواب دینا ہوگا۔
مظاہرین نے کہا کہ بلوچستان میں نوجوانوں اور طلباءکو مسلسل جبری گمشدگیوں کا شکار بنایا جا رہا ہے، ان کو کئی مہینے ٹارچر سیل میں ڈال کر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور ان پہ ناجائز اور جھوٹے مقدمات لگا کر انہیں منظر عام پر لایا جا رہا ہے جو انتہائی تشویشناک عمل ہے، ان نوجوانوں کے زندگیوں کو تباہ کیا جا رہا ہے انکے تعلیم کو ضائع کیا جا رہا ہے، گلشاد بلوچ کو ملیر سے کراچی آتے ہوئے جبری لاپتہ کیا گیا جبکہ بعد میں اس پر جھوٹا الزام لگا کر اس کو جیل میں ڈال دیا گیا، گلشاد بلوچ جیسے متحرک سماجی کارکن کو زندانوں کو نظر کرنا، بلوچ سماج کو اندھیرے میں دھکیلنے کی مترادف ہے، بلوچستان کو بلوچوں کیلئے قید خانے میں تبدیل کیا گیا ہے، جہاں ہر طبقہ فکر کے لوگ اس جبر کا شکار ہیں، لوگوں کو بلا وجہ سالوں جبری لاپتہ کر دیا جاتا ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ریاستی جبر، تشدد سے لوگ اس قدر ذہنی ٹارچر کا شکار ہیں کہ خود کشی کر رہے ہیں، ایک مہینے کے دوران تین خود کشی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن کے گھر پہ فورسز مسلسل چھاپہ مارتے رہے ہیں، انکے فیملی ممبر کو جبری گمشدگی کا شکار بن کر انہیں فورسز مسلسل تنگ کرتے رہے ہیں، حالات سے تنگ آکر لوگ خود کشی کر رہے ہیں، ان تمام تر حالات کی زمہ دار ریاستی ادارے ہیں اور ان کو جوابدہ ہونا ہوگا۔
ملکی اور عالمی انسانی حقوق کے ادارے بلوچستان میں جبری گمشدگیوں، فیک انکاؤنٹر اور بلوچ نسل کشی کا نوٹس لیں اور ان کو روکنے کیلئے عملی اقدامات کریں۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.