ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی اور حیدرآباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم احتجاجاً آج کے الیکشن سے دستبردار ہورہے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی ہے، اس نا انصافی کے خلاف ہم نے احتجاج کیا ہے، وفاقی حکومت ہماری مدد کے بغیر نہیں بن سکتی، اسی طرح بلدیاتی حکومت بھی نہیں بنے گی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر نے کہا کہ عدالتوں نے ہمیں کہا کہ صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کے پاس جائیں اور ہم نے وفاق کا حصہ رہ کر صوبائی حکومت کو اپنا کردار ادا کرنے کا کہا، ہم نے اپنے حقوق کے لیے سڑکوں کے بجائے ایوان میں آواز اٹھائی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی، حلقہ بندیوں پر نظر رکھنا الیکشن کمیشن کا کام ہے، 15جنوری تک ہم اس شہرکو انصاف دلانے کی کوشش کرتے رہے، سب گواہ ہیں ہم نے کہا تھا کہ بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی ہو چکی ہے۔