ایمر جنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوارڈینٹرسید زائد شاہ کے مطابق بلوچستان کے18 اضلاع کی393یونین کونسلز میں سات روزہ انسداد پولیو مہم15مئی بروز پیر آج سے شروع ہوگیا،جبکہ کوئٹہ میں مہم نیشنل گیمز کے بعدہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سات روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 12لاکھ62ہزار کے قریب بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو مہم کے دوران4ہزار 9سو69کے قریب ٹیمیں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پر مامور ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم ان اضلاع چاغی، دکی، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، مستونگ، نوشکی، ژوب، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، حب، جعفرآباد، نصیرآباد، موسی خیل،شیرانی، صحبت پور، پشین، چمن اور قلعہ عبداللہ میں شروع ہوگیا۔
ایمر جنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوارڈینٹرسید زائد شاہ نے کہاکہ مہم کے دوران تمام عملے کو فول پروف سیکورٹی دی جائے گی،جس پربلوچستان لیویز، پولیس اور ایف سی کے جوان تعینا ت ہوں گے، پولیو وائرس ان بچوں کو اپنا نشانہ بناسکتا ہے جو پولیوسے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم رہ جاتے ہیں۔
سید زائد شاہ نے کہا کہ بلوچستان میں جنوری سال 2021 سے اب تک پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،بلوچستان کے ماحولیات میں اپریل 2021 سے اب تک پولیو وائرس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
ملک دیگر صوبوں کے اضلاع اور افغانستان میں پولیو وائرس کی موجودگی صوبہ بلوچستان کے بچوں کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے۔
انہوں نے تمام والدین سے اپیل کی کہ پولیو سے بچاؤ کی مہم کے دوران پولیو ورکرز سے بھرپور تعاون کریں، اپنے بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلائیں، پولیو کے خاتمے کیلئے ہونی والی مہمات کے باعث آج بلوچستا ن میں اس مرض پرممکنہ حد تک قابو پالیا گیا ہے جو کہ بڑی پیشرفت ہے،اس ضمن میں معاشرے کے تمام طبقات کا کردار ادا کرنا خوش آئند بات ہے۔جس سے اس مرض کے تدارک میں مد د مل رہی ہے۔