Monday, May 13, 2024
BALOCHI        URDU        BRAHUI        ENGLISH
About Us        Contact Us        Privacy Policy

کیچ:

سانحہ ہوشاپ میں شہید ہونے والے بچوں کے ہمراہ احتجاج پر بیٹھے فیملی اور سیاسی جماعتوں کے دھرنا کیمپ پر ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل پارٹیز کیچ کے کنوینر مشکور انور ایڈوکیٹ نے کہا کہ یہ کیچ کی تاریخ کا افسوس ناک تریں واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، متاثرہ خاندان کے بیانیہ کو ڈپٹی کمشنر کیچ اور انتظامیہ سننے کے بجائے مذید اشتعال دلا رہی ہے، بچوں کو دفنانے کے لیے طاقت کے زور پر قبریں کھودنا اشتعال انگیزی کا سبب بنے گا۔

تحصیل دار ہوشاپ کی ابتدائی سرکاری رپورٹ میں کہا جا چکا ہے کہ بچوں کی شھادت میں راکٹ فائر کیا گیا مگر ڈپٹی کمشنر کیچ اس بیان سے یکسر انکاری ہے اور اسے ہینڈگرنیڈ دھماکہ ظاہر کر رہا ہے، آج آل پارٹیز نے وہاں جا کر معائنہ کیا تاکہ حقائق سامنے لاسکیں جو کوئی اس میں ملوث ہے اسے بے نقاب کرسکیں اور ملوث ملزمان کو سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لواحقین کے مطالبات پورے کیے جایئں آل پارٹیز سرکار اور انتظامیہ کے رویے سے مایوس ہے۔

عام طور پر ایسے واقعات میں فورسز بہت دیر سے آتے ہیں مگر یہ پہلا واقعہ ہے جس میں دس منٹ کے اندر ایف سی وہاں پہنچا اور انسان دوستی کے تقاضوں کی خلاف ورزی کرکے نہ زخمی اور شہید بچوں کو ہسپتال پہنچایا اور نہ ہی ریلیف مہیا کیا بلکہ لوگوں کو خوف زدہ کرکے شواہد وہاں سے لے گئے، اس سے بدتر یہ کیا گیا کہ رات کی تاریکی میں جاکر قبریں کھودنا اور زبردستی لاشوں کو دفنانے کی کوشش کرنا ثابت کرتا ہے کہ اس میں کون ملوث ہے۔ متاثرہ خاندان کو انصاف رسائی کے ساتھ مستقبل میں بھی انہیں تحفظ فراہم کرنا سرکار کی زمہ داری ہے تاکہ انہیں پھر پریشان اور تنگ نہ کیا جائے، آل پارٹیز اس سانحہ میں متاثرین کے ساتھ ہر قدم پر موجود ہے، انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر کا رویہ قابل مذمت ہے۔

نائب تحصیل دار رپورٹ کررہی ہے کہ راکٹ فائر کیا گیا مگر اس کے باوجود ڈپٹی کمشنر کیچ اس بیان سے مکر گئی ہے اور ابھی تک متاثرہ فیملی کی درخواست لے کر ایف آئی آر کے اندراج سے گریزاں ہے، عدلیہ سمیت ہر وہ فورم جو متاثرین کو انصاف فراہم کرسکتی ہے اس کے پاس جائیں گے اگر سرکار اور انتظامیہ نے یہ مسلہ فوری حل نہ کیا تو آل پارٹیز سول سوسائٹی اور انجمن تاجران کے ساتھ مل کر آئندہ لائحہ عمل طے کرے گی۔

اس موقع پر بی این پی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر عبدالغفور بلوچ نے کہا کہ آل پارٹیز جائے وقوعہ کے معائنہ اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ڈپٹی کمشنر کے بیانیہ کو یکسر مسترد کرتی ہے بچوں کے قتل میں ایف سی ملوث ہے اسے کس ہتھیار سے نشانہ بنایاگیا اس کی وضاحت وہ خود کرسکتے ہیں، سب سے بڑا المیہ اور ثبوت یہ ہے کہ انتظامیہ نے علاقے میں رات کی تاریکی میں دو قبریں کھود کر بچوں کو دفنانے کی ناکام کوشش کی ہے اگر ایف سی اس واقعہ میں ملوث نہیں ہے تو کیوں قبریں کھود کر لواحقین کو دھمکایا۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز فیملی کی درخواست پر فوری ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کرتی ہے


Discover more from Balochistan Affairs

Subscribe to get the latest posts to your email.

Discover more from Balochistan Affairs

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading

Exit mobile version