Thursday, May 16, 2024
BALOCHI        URDU        BRAHUI        ENGLISH
About Us        Contact Us        Privacy Policy

کوئٹہ/ تربت

بلوچستان میں طوفانی بارشیں جاری،سیلابی ریلوں میں بہنے اورآسمانی بجلی گرنے سے4بچیوں سمیت سات افرادہلاک،ندی نالوں میں طغیانی،کیچ عبدوئی بارڈرپرسیکڑوں تیل بردارگاڑیاں پھنس گئیں،میرانی ڈیم اسپل وےسے پانی کااخراج شروع ہوگیا۔

وڈھ کے علاقے گاسلیٹی کے مقام پر آسمانی بجلی گرنے سے محمدعلی نامی شخص ہلاک ہوگیا ۔ جبکہ وڈھ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش شروع ہوئی ہے۔

ڈیرہ بگٹی میں بلوچستان بھر کی طرح گزشتہ کئی روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے شدید بارشوں کے باعث کچے مکانات کو شدید نقصان پہنچاہے،جبکہ زین لوٹی میں آسمانی بجلی گرنے سے چالیس سالہ خاتون ہلاک ہوگئی،جبکہ  شدید بارشوں کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی اظہر جاوید نے نوٹس جاری کرکے برساتی نالوں کے قریب آبادی کو فوری طور پر انخلا کی ہدایت کردی۔

ذرائع کے مطابق جھل مگسی کے علاقے پتری میں بارہ سالہ خالدہ بنت محمد رفیق لاشاری سیلابی ریلے میں ڈوب کر ہلاک ہو گئی۔ مقامی لوگوں نےمتوفی بچی کی لاش نکالی۔

صحبت پور کے علاقے گوٹھ پیارا خان بگٹی میں تالاب میں گر کر تین بچیاں ہلاک ہوگئیں۔

منگل کی شام خاران میں طوفانی بارش نے شہر اور دیہاتوں میں تباہی مچادی۔ ندی نالوں کا سیلابی پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا ۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچوں اور خواتین کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا،جبکہ کئی مکانات سیلابی پانی کی زد میں آکر مہندم ہوگئے۔ اس وقت شیلگ ،جوژان کُلان اور پُرانا گزی روڑ سمیت گڈمال کے علاقے میں سیلابی صورتحال ہے۔

اطلاعات کے مطابق کوہلومیں بھی شدید بارشوں کی وجہ سے لوگوں کے املاک کوکافی نقصان پہنچاہے

ضلع کیچ کے سرحدی علاقے تگران  میں طوفانی بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، راستے بند ہوگئے، جبکہ پھنسی ہوئی گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں،کَلّگ سے تعلق رکھنے والاشمبئے نامی  ڈرائیو ہلاک ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق اس وقت سینکڑوں تیل بردار گاڑیاں تگران کے علاقے عبدوئی اور بارڈر کے دوسری جانب پہاڑی راستے بند ہونے کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں۔ جبکہ ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں بدھ کی شام کوگرج چمک کے ساتھ موسلادھاربرش ہوئی ہے۔

دوسری جانب حالیہ بارشوں کے باعث میرانی ڈیم میں دریائے نہنگ اور کیلکوراورکیچ کور سے آنے والے ریلوں کے نتیجے میں 244.22 فٹ پانی جمع ہوگیا ہے جبکہ بدھ کی دوپہر سے ڈیم کے اسپل وے سے 231 کیوسک پانی کا اخراج شروع ہوگیا ہے۔

ایکسیئن ایری گیشن میرانی ڈیم رضا صمد کے مطابق آج شام یا رات تک کیچ کور کے سیلابی ریلے میرانی ڈیم میں گرنے کی توقع ہے اس سے پانی کی سطح مذید بلند ہوسکتی ہے۔

ایکسیئن کے مطابق ڈیم میں اسپل وے سے پانی کا اخراج 244 فٹ پر پہنچنے کے بعد شروع ہوگی جو آج دوپہر اس سطح کو کراس کرگیا اور اس وقت 0.22 فٹ پانی کی نکاسی اسپل وے کے زریعے بیک سائیڈ پر ہورہی ہے۔رضا صمد کےمطابق ابھی تک ڈیم کی صورت حال مکمل طور پر نارمل ہے جبکہ آج شام یا رات تک اگر کیچ کور سے پانی کے ریلے ڈیم میں آنا شروع ہوں تو پانی کا لیول کچھ بڑھنے کے امکانات موجود ہیں تاہم اس کے باوجود بھی ڈیم کی پوزیشن مکمل نارمل ہے۔

Exit mobile version