گوادر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں سے تاجر، دکاندار اور شہری غیر محفوظ بن چکے ہیں۔ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔
ایران سے اضافی بجلی کے معاہدے کے باوجود اہلیان گوادر بجلی کے بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا کررہے ہیں۔ صوبائی حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ منتخب عوامی نمائندہ نے عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے۔ عوام کے صبر کا امتحان مت لیں۔ نیشنل پارٹی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
ان کا خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ہوت عبدالغفور نے پریس کلب گوادر میں نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر اشرف حسین، ضلعی جنرل سیکریٹری محمد حیاتان، تحصیل صدر ناگہاں عبدل اور سابقہ ضلعی صدر فیض نگوری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
اس وقت گوادر شہر مکمل طور پر چوروں اور جرائم پیشہ افراد کے رحم و کرم پر ہے ایسا کوئی دن نہیں گزرتا کہ دکانوں میں نقب زنی کی وارداتیں رونما نہ ہوں اور شہریوں کو نہیں لوٹا جاتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کی وجہ سے تاجر برادری، عام دکاندار اور شہری غیر محفوظ بن چکے ہیں لیکن پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات سے قاصر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے حکومت نے ایران سے مزید 100 اضافی میگاواٹ بجلی کے معاہدے کے بعد لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی خوشخبری سنائی تھی لیکن اس معاہدے سے بجلی کی ترسیل میں کوئی بہتری نہیں آئی بلکہ مزید بجلی کا بحران پیدا ہوگیا ہے اور حسب معمول گرمیوں کے موسم میں شہری بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ گوادر لاوارث ہوچکا ہے، جی ڈی اے کی ناقص منصوبہ بندی سے شہر گٹرستان بن چکا ہے ۔
بالخصوص گوادر کی پرانی آبادی سب سے زیادہ متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا کوئی نام و نشان نہیں اور نہ ہی صوبائی حکومت کو عوامی مسائل سے دلچسپی ہے یہ بھی معلوم نہیں ہوتا کہ صوبے کا وزیراعلی کون ہے۔
اس موقع پر صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر اشرف حسین اور تحصیل صدر ناگمان عبدل نے کہا کہ غیر قانونی ٹرالرنگ سے ماہی گیروں کا ذریعہ معاش بڑی طرح متاثر ہے ٹرالر مافیا کی سرپرستی صوبائی حکومت کے بغیر ممکن نہیں۔ اشرف حسین نے الزام لگایا کہ غیر قانونی ٹرالرنگ میں صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ گوادر کا ایم پی اے بھی ملوث ہے۔ تاھم نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ہوت عبدالغفور نے کہا کہ گوادر شہر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں اور بجلی کے بد ترین بحران کی وجہ سے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔
صوبائی حکومت اور کیسکو شہریوں کے صبر کا مزید امتحان مت لیں بلکہ گوادر شہر میں چوری کی وارداتوں کو روکنے اور بجلی کے بحران کے خاتمہ کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔ نیشنل پارٹی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور بھرپور احتجاج کرے گی۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں لی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔