تربت:
پاکستان پیپلزپارٹی کیچ کے صدر قدیراحمدبلوچ نے لائبریری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے تربت پبلک لائبریری کی بحالی اورافتتاح کوایک علمی سنگ میل قراردیتے ہوئے کہاہے کہ کمشنرمکران سیدفیصل آغااورڈی سی کیچ بشیراحمدبڑیچ کی کاوشیں ہمیشہ یادرکھی جائیں گی آج کادن ایک شاندارایونٹ کے طورپرکیچ کی تاریخ میں یادرکھاجائےگا،
انہوں نے کہاکہ کیچ کے نوجوان کتاب دوست اورمثبت فکرکے حامل ہیں، تربت پبلک لائبریری کی بحالی سے معاشرے میں مثبت علمی رجحان پروان چڑھے گاجومعاشرے اورملک کے لئے انتہائی اہمیت کاحامل ہے،جدیدعصرکے تقاضے ہیں کہ نوجوانوں کوان کی تخلیقی اورتعمیری صلاحیتوں کوبروئے کارلانے کے لئے بہترین مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ انہیں منفی سرگرمیوں سے ہمیشہ دوررکھاجاسکے۔
انہوں نے کہاکہ حکام کوچاہیے کہ وہ لائبریری کے لئے جدیدمعاشرے کی تعمیرمیں کلیدی کرداراداکرنے والے علوم پرمبنی کتب فراہم کریں تاکہ طلباوطالبات اپنے علم کی پیاس بجھاسکیں،آج ترقی یافتہ اقوام ٹیکنالوجی اورعلمی درسگاہوں اورلائبریریوں پربے تحاشافنڈزخرچ کرتے ہیں وہ اس حقیقت کاادراک کرچکے ہیں کہ معاشرے اورقومیں اپنے نوجوانوں کے بل بوتے پرترقی کے منازل طے کرتی ہیں،لہٰذاتربت پبلک لائبریری کومزیدفعال بنانے کے لئے بنیادی ضروریات اورکتب کی فراہمی کے لئے بھی اقدام کئے جائیں۔