فاطمہ جناح اسپتال میں کانگو وائرس کا ایک اور مریض جان کی بازی ہار گیا جبکہ کانگو وائرس میں مبتلا ایک اور مریض کو ہسپتال میں داخل کر لیا گیا۔
کوئٹہ میں واقع فاطمہ جناح اسپتال میں کانگو وائرس کا ایک اور مریض جان کی بازی ہار گیا ہے، جس کے بعد رواں سال کانگو وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق 7 روز قبل پشین کے علاقے تورہ شاہ سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ شیر محمد کو ناک اور منہ سے خون آنے کے باعث اسپتال لایا گیا تھا، مریض میں کانگو وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد علاج شروع کر دیا گیا تھا، تاہم منگل کے روز شیر محمد جان کی بازی ہار گیا۔
دوسری جانب اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس کے رہائشی نوجوان فضل الرحمان کو بھی ناک اور منہ سے خون آنے کے باعث اسپتال لایا گیا ہے، اور اس کی ٹیسٹ رپورٹ میں کانگو وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے، اور اس کا بھی علاج شروع کردیا گیا ہے۔
رواں سال کانگو کے 30 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 4 خواتین سمیت 9 افراد ہلک ہو چکے ہیں، اور دو مریض زیر علاج ہیں جب کہ 19مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔