کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ نے جانوروں کی آلائشوں سے گھی اور تیل بنانے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی ایک خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سریاب کوئٹہ نثار احمد لانگو نے اسپیشل مجسٹریٹ سریاب مسعود بگٹی اور پولیس کے ہمراہ مشرقی بائی پاس پر کارروائی کرتے ہوئے جانوروں کی آلائشوں سے مضر صحت تیل اور گھی بنانے والی ایک فیکٹری کو سیل کرکے تین افراد کو گرفتار کرلیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سریاب کوئٹہ نثار احمد لانگو نے کہاکہ عید کے بعد جانوروں کی آلائشوں کو جمع کرنے کے حوالے سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھی۔
جس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے مزکورہ فیکٹری کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ چربی سے نکلا تیل انسانی استعمال کے لئے مضر ہے، ایسا تیل صرف بائیو ڈیزل یا صابن سازی میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔اس حوالے سے تمام معاملے کی مخلتف پہلوؤں پر تحقیقات کریں گے اس حوالے سے مزید معلومات و حقائق معلوم کرکے مذکورہ فیکٹری اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ انسانی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ فیکٹری مالک و ملازمین کے مطابق گھی نہیں بلکہ صابن کی تیار کیا جارہا تھا انتظامیہ نے فیکٹری کو سیل کرکے برآمد ہونے والے اجزاء کو ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھجوا دیا ہے جسکی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔