کراچی:
کراچی میں مستونگ کے دو نو عمر بھائیوں کو پولیس کا مبینہ مقابلے میں گولیاں مار کر زخمی کرنے کا دعویٰ، اہلخانہ نے مقابلے کو جعلی قرار دے دیا ،مبینہ مقابلے سے قبل گرفتار کر کے لے جانے کی ویڈیو جاری کر دی گئی۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمزپرموجودذرائع ابلاغ کے مطابق بلوچستان کے علاقے مستونگ سے تعلق رکھنے والے دو نو عمر بھائیوں نور محمدولدخدارحم اور فہیم احمد ولد خدا رحیم اپنی والدہ سے ملنے کراچی آئے ہوئے تھے اور الفلاح کے علاقے گلشن منیر رفیع گارڈن میں رہائش پذیر تھے۔
اہلخانہ کے مطابق27 جولائی کو پولیس نے مبینہ مقابلے میں نور محمد اور فہیم احمد کو رفاع عام سوسائٹی میں زخمی ظاہر کیا، دونوں بھائیوں کی گولیاں لگنے سے زخمی حالت میں ویڈیوز بھی جاری کی گئیں۔ پولیس نے ان کے خلاف پولیس مقابلے اور اسلحہ کی برآمدگی کے مقدمات بھی درج کیے تھے تاہم دونوں بھائیوں کو گرفتار کرنے کی فوٹیج اب سامنے آئی ہے۔ویڈیو میں دونوں بھائیوں کو گرفتار کرتے دیکھا جاسکتا ہے،
ویڈیو میں پستول اٹھائے پولیس افسر کو دشنام طرازی کرتے دیکھا سنا جاسکتا ہے، گرفتاری کے چند لمحوں بعد دونوں بھائیوں کو رفاع عام سوسائٹی میں مقابلے میں زخمی ظاہر کیا جاتاہے۔
سماجی رابطوں میں ذرائع ابلاغ کے مطابق ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہےکہ شکایت موصول ہوئی ہے، ویڈیو بھی دیکھی ہے، اس سلسلے میں چھان بین کر رہے ہیں ۔