پنجگور کےعلاقے گچک سے لاپتہ ہونے والے چھوٹے بچے سمیت دوخواتین اور دو مرد آج بازیاب ہوگئے ہیں۔ آج جمعرات کو بازیاب ہونے والے افراد میں سہراب، شاہ بی بی، شہزادی اور لاپتہ دو ماہ کا بچہ شامل ہیں، اغوا کے وقت بچے کی عمر ایک ہفتہ تھی۔ ان افراد میں سے ایک مرد کو چند دن پہلے چھوڑ دیا گیا تھا۔
اس حوالے سے بلوچستان ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے والے وکیل عمران بلوچ نے بتایا کہ مذکورہ افراد بازیاب ہوگئے ہیں جس کی تصدیق ان کی فیملی نے کردی ہے۔
عمران بلوچ نے بتایا کہ اس حوالے سے ہم نے پٹیشن دائر کی تھی جس میں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ پر مشتمل بینچ نے متعلقہ اداروں فرنٹیئر کور( ایف سی) اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) حکام سے جواب طلب کیا تھا۔ 24 مئی کو ہونے والی سماعت کے دوران سی ٹی ڈی کے ڈی آئی جی اور آئی جی ایف سی ساؤتھ کی طرف سے ان کے نمائندے پیش ہوئے تھے-