پنجگور پریس کلب نمائندگان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین دن سے پنجگور میں بجلی معطل ہونے کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور شہر میں پانی کی شدید قلت پائی جاتی ہے-
تفصیلات کے مطابق 14 جون منگل کے روز ہوشاب اور پنجگور کے درمیان کوہ بن سیدان میں بجلی کے چھ مین ٹاورز گرنے کی وجہ سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی تھی۔ جوکہ تاحال بحال نہیں ہو پائی ہے- کیسکو حکام کے مطابق بجلی کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے تاہم کام مکمل ہونے کیلئے مزید 2دو سے تین 3 دن لگ سکتے ہیں۔ جبکہ شہر میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح سے متاثر ہوچکی ہے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں-
دوسری جانب گرمی کے سبب عوام میں برف کی طلب میں اضافہ ہوا ہے لیکن بازار میں برف کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ برف فیکٹری میں دستیاب نہیں لیکن بلیک میں برف فی کلو تین 3 سو روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ شدید گرمی اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے عوام ایک قرب میں مبتلا ہیں- بازار میں تمام ورکشاپ اور چھوٹے کارخانے بند ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں مزدور بے یارومددگار اور نان شبینہ کے محتاج ہوگئے ہیں۔ پنجگور کے عوامی حلقوں نے کیسکو کے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ پنجگور میں بجلی کی فوری بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر کے عوام کو اس عزاب سے نجات دلایا جائے-