پنجگور:
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے لاپتہ افراد کی بازیابی اور شہید داد جان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف عید کے پہلے دن ریلی کا انعقاد کیا گیا-احتجاجی ریلی میں خواتین و بچوں سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور انصاف کا مطالبہ کیا-
ریلی کے شرکاء نے لاپتہ افراد کی بازیابی اور شہید داد جان کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا- ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے- ریلی کے شرکاء سے اغا شاہ حسین ماھل یونس مدیحہ گہرام شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں بلوچ کے لیے زمین تنگ کردی گئی ہے- تعلیمی اداروں میں بھی بلوچ طلباء کو ہراسان کرکے انہیں لاپتہ کیا جارہا ہے-
انہوں نے کہا کہ عید جیسے پرمسرت مواقعوں پر بھی بلوچ کو مجبور کیا گیا ہے کہ وہ سڑکوں پر آکر احتجاج کرے- انہوں نے کہا کہ دادجان شہید کے قتل کو دو ہفتے ہوچکے ہیں ابھی تک قاتل گرفتار نہیں ہوئے- اسی طرح شہید جلیل سنجرانی اور صغیر کے قاتل بھی قانون کی گرفت سے آزاد ہیں- انہوں نے کہا کہ بلوچ کو جینے دیں یہ کہاں کا انصاف ہے کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں پڑھائی کے لیے جانے والوں کو بھی سڑکوں پر گھسیٹ کر گاڑیوں میں ڈال کرغائب کردیا جاتا ہے- مقررین نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو شک کی نگاہ سے دیکھنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور لاپتہ افراد کو منظر عام پر لاکر شہید دادجان کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے-