تربت:
بلوچ یکجہتی کمیٹی کیچ نے منگل کے روز تربت میں احتجاجی ریلی نکال کرنمیران عبدالرؤف برکت کے قتل کی مذمت کی اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ریلی میں خواتین سمیت نوجوانوں کی کثیر تعداد شامل تھی جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور مذمتی نعرے لگا رہے تھے۔
ریلی بولان اسکول سے نکلی جہاں عبدالرؤف برکت پڑھاتےتھے، مختلف روڈوں پرگشت کے بعدنمیران فدا احمد چوک پہنچ کر مظاہرہ کیا گیا۔
مقررین نے خودساختہ جرگہ کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جرگہ ہی عبدالرؤف بلوچ کے قتل کا موجب بنی ہے لہٰذا انہیں شامل تفتیش کیا جائے اور نمیران کے قاتلوں کا سراغ لگایا جائے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب ملکی ادارے موجود ہیں، عدالتیں ہیں تو پھر الگ مولویوں کے ایک گروہ کا جرگہ لگا کر سزا و جزا کے فیصلے سنانا زیادتی ہے۔ انہوں نے عبدالرؤف برکت کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔