کوئٹہ:
مغربی بلوچستان سراوان احمد آباد کی رہائشی خاتون خیر بی بی نے تربت سول سوسائٹی تربت کے کنوینر گلزار دوست کے ہمراہ تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہےکہ ان کا 17 سالہ نواسہ بالاچ ولد عطااللہ مغربی بلوچستان کے علاقہ سراوان سے کئی روز پہلے روز گار کی تلاش میں تربت آئے ہوئے تھے اور اپنے ایک دوست کے ہمراہ شہر گھومنے گئے جس کے بعد وہ لاپتہ ہے ۔
اس موقع پر گلزار دوست نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ نوجوان کےبارے میں مزکورہ زمیاد ڈرائیو ر کا کہنا ہے کہ ہم سفر پر تھے کہ ندی میں ہم پھنس گئے ،تاہم میں اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوگیا مگر جس طرف بالاچ بیٹھے ہوئے تھے اس طرف پانی گھرا تھا جس کی وجہ وہ نکل نہ سکا اور اسے پانی بہاکر لے گیا۔
انھوں نے بلیدہ ،زامران ،دازن اور قریبی علاقوں کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے قریبی ندی نالوں،جھاڑیوں میں مذکورہ نوجوان کو تلاش کریں ،خدانخواستہ اگر وہ زندہ نہیں ہے تو اس کی نعش ملنا چاہئے۔
اس موقع پر لاپتہ نوجوان کے نانی نے کہاکہ ایک وائس نوٹ میں انھیں بتایا گیا ہے کہ بالاچ زندہ ہے کسی شخص نے انھیں دیکھا ہے مگر معلوم نہیں وہ کہاں اور کس حال میں ہے۔
انھوں نے کہاہے کہ اگر وہ زندہ ہے تو انھیں معلومات دی جائیں اور مقامی انتظامیہ اور اہل علاقہ انھیں تلاش کرنے میں پریشان حال لواحقین کی مدد کریں۔