کوئٹہ:
بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی خواتین سیکرٹری و رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوا ر نے صوبائی مشیر داخلہ کی پریس کانفرنس کو اسکرپٹڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشیر داخلہ لوگوں کولاپتہ کرنے کے بعد اب گرفتارکرنے کا شوق بھی پورا کرلیں۔
صوبائی مشیر داخلہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے مزید کہا کہ صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے اپنی ناکامی اور نالائقی پر پردہ ڈالتے ہوئے بلوچستان کی قومی نمائندہ جماعت کی قیادت پر الزامات لگاتے ہوئے میڈیا کے سامنے آکر بلوچستان کوپسماندہ رکھنے والوں کا اسکرپٹ پڑھ کر سنایا۔
انہوں نے کہا کہ مشیر داخلہ نے جن کی ایماء پر پریس کانفرنس کی ہے ان کرداروں نے ہی بلوچستان میں نفرتوں کے بیج بوئے ہیں ایسے اقدامات سے ان نفرتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد سردار اخترمینگل اور وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ کو گرفتار کرنے کا مشیر داخلہ کا بیان احمقانہ ہے پارٹی قیادت نے پہلے بھی نہ صرف بلوچستان کے اجتماعی قومی حقوق کیلئے قید وبند کی اذیتیں برداشت کی ہیں بلکہ اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا ، مشیر داخلہ اپنی پریس کانفرنس میں لگائے گئے الزامات پر پارٹی سربراہ سردار اختر مینگل سے معافی مانگیں۔