بلوچستان کےعلاقے لسبیلہ میں اتوار کے روزمسافر کوچ کے حادثہ میں 42مسافر جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔
ایس ایس پی لسبیلہ اسرار عمرانی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ لسبیلہ کے قریب مسافر کو تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے باعث اس میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 42 مسافر جھلس کر جاں بحق جبکہ 4 مسافر شدید زخمی ہو گئے ہیں انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوچ کوئٹہ سے کراچی جارہی تھی جس میں 45 مسافر سوار تھے۔
انکے مطابق بیشتر لاشیں ناقابل شناخت ہیں جنہیں سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب خوفناک بس حادثے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کا مقدمہ بس مالکان کے خلاف بیلہ تھانے میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں بس کے 2 مالکان اور جاں بحق ڈرائیور کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں اقدام قتل، غفلت، دباؤ، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور عوام کی جان خطرے میں ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ مالکان نے تکنیکی خرابی کے باوجود ڈرائیور کو گاڑی روانہ کرنے کی ہدایت کی، اوور اسپیڈنگ کی وجہ سے بس کو چلانے پر پہلے ہی پابندی عائد تھی۔
زخمی مسافر نے پولیس کو بتایا کہ گاڑی تکنیکی خرابی کے باعث بار بار ہچکولے کھاتی رہی، مسافر بار بار گاڑی کو ٹھیک کرنے کا کہتے رہے، ڈرائیور نے فون پر آگاہ کیا تو مالک نے سفر جاری رکھنے کی ہدایت کی۔