کوئٹہ:
بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ ورکن قومی اسمبلی سرداراختر جان مینگل نے کہا ہے کہ دبئی ملاقاتوں سے متعلق ہمارے تحفظات موجود ہیں اتحاد اعتمادکی بنیاد پر ہوتا ہے اگر بڑی سیاسی جماعتیں اتحادیوں سے مشاورت کے بغیر فیصلے کرتی رہیں تو اتحاد میں دراڑیں پڑسکتی ہیں آئندہ انتخابات میں پی ڈی ایم کے متحد رہنے کی تمام تر ذمے داری بڑی سیاسی جماعتوں کے اکابرین پر منحصر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ کوانٹرویودیتے ہوئے کیا۔
انہو ں نے کہا خضدار اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں جسطرح سے ڈیتھ اسکواڈ تشکیل دے کر انہیں کھلی چھوٹ دی گئی ہے ان کا بنیادی مقصد سیاسی جمہوری سو چ اور فکر کا راستہ روکناہے۔
ریاست اور اس کے اداروں کی ذمے داری ہے کہ وہ سیاسی ماحول خراب ہونے سے بچاتے ہوئے ایسے لوگوں کا محاسبہ کریں جو ریاست کے وفادار بننے کی آڑ میں بھتہ خوری ،قتل وغارت گری ،سمگلنگ جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔