گوادر :
ساحلی شہر گوادر کا شمار تاریخی طور پر قدیمی شہروں میں ہوتا ہے ، اس خطے نے سلطنت عمان اور برطانوی راج سمیت کئی ادوار دیکھے ، ماضی میں تعمیر کردہ عمارتوں کے آثار شہر میں جگہ جگہ موجود ہیں لیکن عدم توجہی کے باعث کچھ زبوں حالی کے شکار ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر گواد ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے عوامی دیرینہ مطالبے پر خستہ حال آثار کے تحفظ کے منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے ۔
منصوبے کے تحت پر تگیزی اور عمانی دور کے قلعوں کی مرمت اور برطانی راج دور کے ٹیلی گراف آفس ،چارپادگو عمارت ، شاہی بازار سمیت دیگر تاریخی آثار کی مرمت ،تزئین و آرائش ،بحالی اور انہیں محفوظ کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔
گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق اتھارٹی نے ماسٹر پلان ایریا میں ثقافتی عمارتوں کی بحالی اور انہیں محفوظ بنانے کا ذمہ اٹھایا ہے اور اس کے لئے منصوبے پر کام آشروع کر دیا گیا ہے ۔ تاریخی عمارتوں کی مرمت ،تزئین وآرائش ،بحالی اور تحفظ کا منصوبہ معروف آرکیالوجسٹ ڈاکٹر کلیم اللہ لاشاری نے تیار کیاہے ۔ منصوبے کے تحت قدیم ٹیلی گراف آفس کو میوزیم اور چار بادگو عمارت کو ثقافتی مرکز بنایا جائے گا۔
اتھارٹی کے مطابق تاریخی ورثے کی بحالی کے بعد ان مقامات کو تفریحی ،علمی ،آرٹ اکیڈمی جیسے مقاصد کے لئے استعمال میں لایا جائے گا ، ان عمارتوں کو محفوظ بنانے سے سیاحت کو فروغ ملے گا اورآنے والی نسلیں خطے کی جغرافیائی اہمیت سے روشناس ہو سکیں گی ۔