بلوچ ڈاکٹرز فورم کے مرکزی ترجمان نے بولان یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز میں دوسری یونیورسٹی سے رجسٹرار کی تعیناتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ ڈاکٹرز فورم کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دیتی کہ وہ بولان یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز کے مستقبل سے کھیلے۔ ترجمان نے کہا کہ بی یو ایچ ایم ایس کی رجسٹرار کی تعیناتی کے حوالے سے کیس پہلے سے ہی عدالت عالیہ میں زیر التوا ہے عدالت عالیہ کے تمام احکامات اور زیر التوا کیس کو نظر انداز کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر رجسٹرار تعینات کیا گیا ہے، لہذا عدالت عالیہ کو بھی چاہیے کہ وہ اس غیر قانونی اور غیر آئینی عمل کیخلاف خود نوٹس لے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بلوچستان کے واحد میڈیکل یونیورسٹی کے رجسٹرار کے پوسٹ کو مشتہر کیے بغیر، چانسلر اور گورنمنٹ آف بلوچستان کے بجائے یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر جس کی اپنی تعیناتی کا کیس بھی کورٹ میں چیلنج ہے، کی جانب سے تعینات کرنا قطعا قابل قبول نہیں ہے، لہٰذا ہم وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان کے اس غیر آئینی اقدام کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور سرکار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ خوابِ غفلت سے بیدار ہوکر اپنا آئینی اور قانونی حق بروئے کار لاتے ہوئے اس غیر قانونی اور غیر آئینی فیصلے کو واپس کروائے اور ادارے یہ اچھی طرح جان لیں کہ بلوچستان لاوارث نہیں ہم ہر فورم پر اس کے خلاف قانونی اور آئینی راستہ کرسکتے ہیں۔