پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری خوشحال کاسی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات زمان خان کاکڑ اور آفس سیکرٹری ندا سنگر نے مشترکہ بیان میں 3 فروری کو کوئٹہ کے گشگوری ٹاﺅن میں فورسز کی کارروائی میں محمد رحیم زہری، انکی والدہ اور اہلیہ بی بی رشیدہ اور دو کمسن بچوں سمیت جبرا اغوا کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے اسے غیر آئینی اور غیر قانونی عمل قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیاہے کہ عرصہ دراز سے بلوچ قومی تحریک سے وابستہ افراد خصوصاً خواتین اور بچوں کے اغوا کے واقعات جاری ہیں جو ملکی آئین و قانون اور پشتون بلوچ روایات کے منافی عمل ہے، اور قوموں کیخلاف اشتعال انگیز، جابرانہ اور سفاکانہ اقدامات کا تسلسل ہے جو آئین اور قانون کی حکمرانی کے دعویدار پی ڈی ایم کی پارٹیوں اور انکی حکومت کیلئے افسوسناک ہے۔
پشتونخوا میپ واضح کرتی ہے کہ قومی تحریکوں سے وابستہ ساتھیوں کو ظلم، جبر اور اغوا اور دیگر منفی حربوں کے ذریعے قومی حقوق کے حصول سے دستبردار نہیں کیا جاسکتا بلکہ اسطرح کے اقدامات قومی تحریکوں کیلئے مزید عزم اور حوصلے کا سبب بنتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوا میپ ان جابرانہ اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف موثر آواز اٹھائیگی اور اس جدوجہد کی ہر ممکن حمایت کریگی اور اس سلسلے میں 14 فروری کو احتجاج میں شرکت کریگی۔