بلوچستان یونیورسٹی ایڈمنسٹریٹو آفیسر زایسوسی ایشن کا ایک ہنگامی اجلاس زیر صدارت چیئرمین نذیر احمد لہڑی منعقد ہوا۔
اجلاس میں جنرل سیکرٹری نعمت اللہ کاکڑ، وائس چیئرمین محبوب شاہ، جوائنٹ سیکرٹری سید شاہ بابر، فنانس سیکرٹری محمد اسماعیل پرکانی، ایگزیکٹو ممبرز محمد اسحاق پرکانی، محمد اکبر کاکڑ، ارباب طاہر کاسی، شمس اللہ علیزئی اور محمد عالم خروٹی نے شرکت کی۔
اجلاس میں اس امر پر غم و غصہ کا اظہار کیا گیا کہ جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر مسائل کو حل کرنے میں بالکل غیر سنجیدہ ہیں۔
آفیسرز ایسوسی ایشن کو مسائل حل کرنے کی بار بار یقین دہانی کے باوجود انتظامیہ ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔
خصوصاً جامعہ بلوچستان کا 86 واں سینیٹ اجلاس کے ایجنڈا نمبر 12 کے منٹس کو معزز ممبران کے فیصلے کے بر خلاف اپنے من پسند اضافی پوائنٹس کے ساتھ چانسلرو چیئرمین سینیٹ جامعہ بلوچستان کو ارسال کرکے ثابت کردیا کہ وہ جامعہ بلوچستان کے آفیسران و ملازمین کے ساتھ کس قدر بغض و عناد رکھتے ہیں۔
عنقریب جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں ساری صورت حال پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے سامنے تمام تر ثبوتوں کے ساتھ پیش کرنے کے علاوہ ایک وائٹ پیپر بھی شائع کیا جائے گا تاکہ سول سوسائٹی و سوشل میڈیا، پولیٹیکل پارٹیز اور عوام الناس کو وائس چانسلر کے غیر قانونی اقدامات سے آگاہ کیا جائے۔
ہمارا یہ اقدام بلوچستان کے قدیم مادر علمی کو مزید تباہی سے بچانے کے لئے انتہائی ضروری ہیں۔