بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی کوششیں کامیاب گوادر میں گرفتار صحافی حاجی عبیداللہ کو تربت جیل سے رہا کردیا گیا۔
صحافی کی رہائی پر بی یو جے قیادت نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو آئی جی پولیس و دیگر اعلیٰ حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوادر میں چار روز قبل 3 اور 16 ایم پی او کے تحت گرفتار ہونے والے اور تربت جیل میں قید صحافی حاجی عبیداللہ کو بی یو جے قیادت کی مسلسل کوششوں کے بعد صوبائی وزیر داخلہ کے احکامات پر تربت جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔
بی یو جے کے صدر عرفان سعید، جنرل سیکرٹری منظور احمد نے کہا ہے کہ پی ایف یو جے اور بی یو جے کی قیادت نے صحافی عبید اللہ کی گرفتاری پر اپنا شدید ردعمل دیتے ہوئے رہائی کیلئے ٹھوس کوششیں کیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو آئی جی بلوچستان پولیس اور گوادر انتظامیہ سے مسلسل رابطے اور بات چیت کے بعد صحافی کی رہائی عمل میں آئی ہے جو باعث اطمینان و مسرت ہے۔