بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع لسبیلہ و تحصیل حب کے زیر اہتمام شہید وطن میر اسلم جان گچکی کی برسی کی مناسبت سے پارٹی کے ضلعی رابطہ آفس حب میں بی این پی تحصیل حب کے آرگنائزر یاسف بلوچ کی زیر صدارت تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی ضلعی آرگنائزر جمیل احمد گچکی جبکہ اعزازی مہمان آرگنآئزنگ کمیٹی کے ممبر میر مظفر خان مگسی تھے۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کی گئی۔ نظامت کے فرائض تحصیل حب آرگنآئزنگ کمیٹی کے ممبر عبید اللہ لانگو نے انجام دیے۔شہداء بلوچستان کی یاد میں احتراماً دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اجلاس میں ضلعی و تحصیل عہدیداران کے علاوہ بی این پی کے کارکنوں اور پارٹی کے علاقائی یونٹوں کے زمہ داران کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔
اجلاس سے جمیل گچکی، یاسف بلوچ، میر مظفر خان مگسی، حاجی محمد مینگل، یاسین مینگل، عبید اللہ لانگو، قربان میروانی اور زبیر مینگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید اسلم جان گچکی کا شمار انتہائی بہادر، نڈر اور بی این پی کے بانی رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ وہ بلوچ قوم کے ایک مخلص اور سچے سپاہی تھے جس نے اپنی پوری زندگی بلوچستان اور بلوچ عوام کے قومی حقوق کی جدوجہد کی خاطر وقف کر رکھا تھا۔ وہ بے داغ ماضی کے مالک، انتہائی محنتی اور مستقل مزاج سیاسی رہنما تھے۔ بلوچستان، بلوچ قوم اور دنیا کے تمام محکوم و مظلوم عوام ان کی سیاست کے مرکز و محور تھے جس کی خاطر وہ آخری دم تک لڑے اور جام شہادت نوش کر کے شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوکر امر ہو گئے۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ شہید وطن میر اسلم جان گچکی کی قربانیاں رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی اور آج شہید اسلم جان گچکی کے فکر سوچ اور فلسفے پر عمل کرنے کی ضرورت ہے جس پر عمل پیرا ہوکر ہم بلوچستان کے حقوق کی جنگ کو تکمیل تک پہنچانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں آخر میں مرحوم نور احمد مینگل کے نام سے یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے یونٹ سیکریٹری قدیر میروانی، ڈپٹی یونٹ سیکریٹری شاہد بادینی اور ضلعی کونسلر یاسف بلوچ منتخب ہوئے۔ اجلاس میں تحصیل حب کے ڈپٹی آرگنائزر حلیم مینگل، تحصیل حب آرگنآئزنگ کمیٹی کے ممبران اشرف مینگل، کریم مینگل، محمد نور میراجی اور عبدالغنی مینگل بھی موجود تھے۔