محکمہ تعلیم (کالجز) کی جانب سے اندرون بلوچستان کے کالجز میں درس و تدریس کا معیار بہتر کرنے، اساتذہ کی کمی دور کرنے اور طلباء و طالبات کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے غیر معمولی اقدامات کا سلسلہ جاری، خاران اور ژوب میں بورڈ آفس کی نئی برانچوں کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری، عرصہ دراز سے ڈیپوٹیشن پر گئے کالج اساتذہ کو بھی واپس بلالیا گیا سٹیبلشمنٹ ڈویژن کو مراسلہ جاری،عوامی حلقوں، طلباء اور والدین کی جانب سے کالج ایجوکیشن کے فروغ کے لئے شروع کئے گئے اقدامات کا خیر مقدم کیا جارہا ہے جبکہ سیکرٹری کالجز حافظ عبدالماجد نے تعلیم کے فروغ کے لئے ہر ممکن حد تک جانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیوٹیوں سے غیر حاضر رہنے والے کالج سٹاف کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ کوئٹہ کے اکثر سکولوں اور کالجز میں سٹاف سرپلس ہے وہ اساتذہ جو اضلاع کے لوکل کوٹے پر تعینات ہوئے تھے وہ سیاسی اثر رسوخ اور دیگر ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے عرصہ دراز سے اپنے آبائی علاقوں کی بجائے کوئٹہ اور دیگر بڑے شہروں میں ڈیوٹیا ں کررہے ہیں جبکہ سکول اور کالج سائیڈ کے اکثر اساتذہ مختلف وفاقی و صوبائی محکموں اور کارپوریشنز میں ڈیپوٹیشن پر بھی گئے ہوئے ہیں جس کے باعث اندرون بلوچستان کے اکثر کالجز اور سکول غیر فعال ہوگئے ہیں جس سے تعلیمی شعبے کی حالت دن بدن خراب ہورہی ہے ۔
تاہم عوامی حلقوں نے سیکرٹری کالجز کے ان اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے جن کے ذریعے دور دراز انٹر و ڈگری بوائز وگرلز کالجز میں خالی پوسٹوں پر کوئٹہ میں عرصہ دراز سے تعینات ٹیچنگ سٹاف کو ٹرانسفر کرکے ان کے ہوم ڈسٹرکٹ میں تعینات کیاجارہا ہے محکمہ کالجز ہائیر اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے پچھلے دو ہفتوں کے دوران متعدد لیکچررز، ایسوسی ایٹ اور اسسٹنٹ پروفیسرز کو ان کے آبائی علاقوں یا ہوم ٹاؤن کے قریب ترین انٹرو ڈگری کالجز میں ٹرانسفر کیاگیا ہے۔
علاوہ ازیں کالجز ڈیپارٹمنٹ کے وہ ملازمین جو مختلف منسٹریز، ڈویژنز اور محکموں میں ڈیپوٹیشن پر گئے ہیں انہیں بھی واپس طلب کرلیاگیا ہے اور اس ضمن میں سٹیبلشمنٹ ڈویژن اور صوبائی محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو الگ الگ مراسلے بھیج دیئے گئے ہیں کہ چونکہ محکمے کو مختلف اضلاع میں قائم کالجز میں ٹیچنگ سٹاف کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے اس لئے ڈیپوٹیشن پر گئے ٹیچنگ سٹاف کو واپس بھیج دیا جائے تاکہ انہیں ان کے اپنے اضلاع میں تعینات کرکے درسی عملے کی کمی دور کی جائے محکمہ کالجز کے حکام کا کہنا ہے کہ بیشتر افسران پچھلی ایک دہائی سے زائد کے عرصے سے بلوچستان سے باہر تعینات ہیں۔
عوامی حلقوں نے جہاں جاری اقدامات کا خیر مقدم کیا ہے وہاں حال ہی میں خاران اور ژوب میں بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی دو نئی برانچوں کے قیام کے نوٹیفکیشن کا بھی خیر مقد م کیا ہے اور اس امید کااظہار کیا ہے کہ ان اقدامات کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے دور دراز علاقوں میں تعلیمی بہتری کے لئے مزید کام کیا جائے گا۔