بلوچستان اسمبلی کی خاتون رکن زینت شاہوانی کا حکومت پر سیاسی انتقام ونشانہ بنانے کا الزام ، خواتین ارکان کا ایوان کے بیچ بیٹھ کر احتجاج ، وزیرخزانہ کی یقین دہانی پر خواتین ارکان نے احتجاج ختم کردیا ۔
جمعرات و بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں خاتون رکن اسمبلی زینت شاہوانی نے مالی سال 2023-24کے بجٹ میں انکے منصوبے شامل نہ کیئے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے یہ کہا کہ اس وقت صوبے میں کوئی اپوزیشن نہیں ہے سب حکومت کا حصہ ہے صرف میں واحد رکن ہوں جو اپوزیشن میں ہوں اس لئے مجھے انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے
انہوں نے کہاکہ بجٹ آمدن اخراجات اورضروریات کو سامنے رکھ کر بنایا جاتا ہے صوبائی بجٹ میں مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے نجی شعبوں میں ملازمت کرنے والے نوجوان دال سبزی کھانے کے بھی لالے پڑ گئے
انہوں نے کہاکہ میرا کوئٹہ کے علاقے سریاب سے تعلق ہے اور میری کوشش رہی ہے کہ سریاب کو بھی شہر کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کی طرح بنا سکوں، کیونکہ اس وقت سریاب میں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں ہزاروں نوجوان بیروز گارہیں وہاں نہ تو معیاری تعلیمی ادارے ہیں اور نہ ہی وہاں کے نوجوانوں کو سکالر شپس دی جارہی ہیں انہوں نے کہاکہ میں نے کوشش کی کہ سریاب کے اندھیری گلیوں میں کم سے کم سٹریٹ لائٹس نصب کرکے وہاں روشنی لائیں میں نے اپنے علاقے کے لوگوں کی ضرورت کو سامنے رکھتے ہوئے آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق اپنی تجاویز جمع کرائیں مگر افسوس کہ بجٹ اور پی ایس ڈی پی میں میرا کوئی منصوبہ شامل نہیں کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ویزراعلیٰ تو چھ چھ ماہ اسمبلی ہی نہیں آتے ہیں انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بتائیں کہ کس کے کہنے پر میرے خلاف کارروائی کررہے ہیں اگر وزیراعلیٰ بیمار ہیں یا انکی کوئی مجبور ہے تو وہ استعفی دیں۔
انہوں نے کہاکہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جو کچھ عرصے بعد ریٹائر ہورہے ہیں انکی کوشش ہے کہ انکی جو باقی سروس بچی ہے اس میں زیادہ سے زیادہ پیسے کمائیں ایک سال بعد میرے تمام منصوبوں کو ایک رکن کے نام سے ٹینڈر کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ ایوان میں آکر مجھے مطمئن کرے جب سے یہ حکومت آئی ہے مجھے انتقام کا نشانہ بنایا جارہاہے 2023-24ءکے بجٹ میں مجھے اسکیمات نہیں دی گئیں کیونکہ انہیں ہائی کمانڈ نے روکا ہے وہ ہائی کمانڈ کون ہے جو بلوچستان کو چلا رہا ہے؟
ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل نے رکن اسمبلی زینت شاہوانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انکا بیان ریکارڈ پر آگیا ہے وزیراعلیٰ ایوان میں ہوتے تو وہ انکے تحفظات پر ضروربات کرتے ۔اس موقع پر وزیرخزانہ انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ تمام منتخب ارکان اسمبلی برابر ہیں زینت شاہوانی کی شکایات بجا ہیں ان پر وزیراعلیٰ سے بات کرونگا انکے جو جائز مطالبات ہیں ان پر عمل کریں گے جبکہ وزیراعلیٰ سے ملاقات کے لئے وقت بھی لونگا ۔