:کوئٹہ
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملاوٹی دودھ کی فروخت پر کوئٹہ میں 4 ملک شاپس جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی سمیت مختلف وجوہات پر خضدار میں 5 ہوٹلوں پر جرمانے عائد کر دئیے۔ ڈائریکٹر جنرل محمد نعیم بازئی کی خصوصی ہدایت پر بی ایف اے (موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری) ملک سیفٹی ٹیم نے جبل نور ، بروری روڈ اور اے ون سٹی میں قائم 11 ملک شاپس کا معائنہ کیا ، دکانوں سے دودھ کے نمونے لیکر موقع پر ٹیسٹ کئے گئے ، 4 ملک شاپس کے سیمپل ملاوٹی و غیر معیاری پائے گئے جس پر چاروں مراکز کو جرمانہ کیا گیا۔
علاوہ ازیں خضدار میں زونل ڈائریکٹر سجاد علی کی سربراہی میں بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ، خوردنی اشیاء کے ہولسیل ٹریڈرز، جنرل اسٹورز اور بیکرز و بیکنگ یونٹس کا معائنہ کیا ۔
دوران چیکنگ 5 ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کئے گئے، بی ایف اے حکام کے مطابق مذکورہ ہوٹلوں میں صفائی کی صورتحال ابتر پائی گئی ، پکوان میں کھلا و ناقص کوکنگ آئل استعمال کیا جارہا تھا جبکہ صارفین کو فروخت کی جانے والی مشروبات بھی ایکسپائرڈ تھیں۔