تربت:
ضلع کیچ میں ڈینگی کی صورتحال تشویشناک، حکام سرجوڑ کر بیٹھ گئے- بلوچستان بھر میں 1400مریضوں میں سے 1300کا تعلق ضلع کیچ سے ہے ورلڈہیلتھ آرگنائیزیشن کی رپورٹ۔
انجمن تاجران تربت کے وفد کی ڈینگی کے اہم مسئلے پر کمشنر مکران سے اہم ملاقات، کمشنرنے متعلقہ اداروں کے سربراہان کو طلب کرکے اجلاس منعقد کیا جس میں ڈپٹی کمشنرکیچ حسین جان بلوچ،چیف آفیسرمیونسپل کارپوریشن عبید کاشف بلوچ،پی پی ایچ آئی کے حاجی خان ، پی ڈی ایم اے کے ریحان دشتی،ڈبلیوایچ او کے ڈاکٹر ابابگر بلوچ اور محکمہ ہیلتھ کے حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے- انجمن تاجران کے وفد میں صدرحاجی کریم بخش،جنرل سیکرٹری غلام اعظم دشتی،حاجی عبدالرحمن،جمال مری شامل تھے۔
کمشنر مکران ڈویژن شبیر احمد مینگل نے انجمن تاجران کے وفد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اہم ایشو کو اٹھایا جسے ہرحال میں حل کیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ وہ متواتر صوبائی دارالحکومت میں اعلیٰ حکام سے رابطے میں ہیں- کمشنر مکران کو بریف کیا گیا کہ ڈینگی وائرس کی تشخیص کے لئے ٹسٹنگ کِٹ کی کمی ہے، جس پر کمشنر نے انہیں فوری طور1500ٹسٹنگ کٹ پرائیوٹ فرموں سے خریدنے کے احکامات جاری کئے، جس کے اخراجات کمشنر آفس برداشت کرے گا-
انجمن تاجران کے صدرحاجی کریم بخش نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ نے سرکاری اداروں کی سنجیدگی کا پول کھول دیا ہے،لہٰذا فوری طور اسپرے و فوگ مہم شروع کیا جائے تاکہ نئے وائرس کی نشوونمانہ نہ ہوسکے اورہسپتالوں میں ڈینگی وائرس سے متعلق ادویات مہیا کی جائیں-
دریں اثنا ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر ابابگر بلوچ کے مطابق بلوچستان میں اب تک ڈینگی کے 14سومریضوں کی تشخیص ہوئی ہے جن میں سے 1300 مریضوں کا تعلق ضلع کیچ سے ہے۔ کمشنرمکران ڈینگی وائرس سے بچاؤ اور خاتمے کے لئے لوگوں کو آگاہی کی ضرورت ہے تاکہ اس جان لیواوائرس کے تدارک کے لئے لوگوں کو شعور فراہم کیا جائے- فیصلہ کیا گیاکہ 11مئی بدھ کے روز سرکٹ ہائوس تربت میں آگاہی سیشن کے لئے صبح 11:30کو سیمینار منعقد کیا جائیگا جس میں معاشرے کے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول میڈیا نمائندگان کو مدعو کیا جائیگا۔