بلوچستان اسمبلی نے نادرا کے شناختی کارڈ کے اجراء میں ڈی این اے ٹیسٹ لازمی قراردینے سے متعلق قرارداد منظور کرلی۔
پیر کے روزبلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری بشریٰ رند نے قراردپیش کی کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی جو ملک کے شہریوں کو کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ جاری کرتی ہے جس میں مختلف سیکورٹی فیچرز ہیں لیکن اس میں ڈی این اے ٹیسٹ شامل نہیں کیاگیاہے جس کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر کی شناخت میں مشکلات کاسامنا کرناپڑرہاہے چونکہ قومی شناختی کارڈ میں ہرفرد کا مکمل ڈیٹا ہونا از حد لازمی ہے لہٰذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتاہے کہ وہ وفاقی حکومت سے رجوع کرے کہ وہ ملک میں سیکورٹی کو مزید سخت کرنے کی بابت قومی شناختی کارڈ کے اجراء کی بابت ڈی این اے ٹیسٹ کو لازمی قراردینے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کو یقینی بنائے۔
جس کے بعد ارکان اسمبلی کی جانب سے بحث کے بعد قرارداد کومنظور کرلیاگیا۔