بلوچ ڈاکٹرز فورم کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نرسنگ کالج کی فرسٹ ایئر کی 23 طالبات کو کالج سے بے دخل کرنا اور انکی جگہ من پسند غیر مقامی رشتہ داروں کو لانا بھونڈی حرکت اور تعلیم دشمن پالیسی کو تقویت دینے کی ناکام کوشش ہے۔
انہوں نے کہا آئے روز ایسے حالات پیدا کئے جارہے ہیں جس سے بلوچستان میں تعلیم کے نظام کو غیر فعال کیا جائے۔ نرسنگ کالج کی طالبات کے ساتھ یہ ناروا سلوک ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔
انتظامیہ کو چائیے کہ ان بلوچستان کے دوردراز علاقوں سے آئی ان طالبات پر شفقت کا ہاتھ رکھے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ان کے ساتھ دشمن کے بچوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے اور ان کو تعلیم سے دور رکھ کر انکے مستقبل کو تاریکیوں کی طرف دکھیلا جارہا ہے۔
بی ڈی ایف کو انتظامیہ کا یہ جبر ہرگز قبول نہیں۔ بلوچ ڈاکٹرز فورم اس تعلیم دشمن عمل کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور بلوچستان حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے کی کوشش کرے اور ان کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچائے بصورت دیگر بلوچ ڈاکٹرز فورم اس ظلم کیخلاف سخت سے سخت احتجاج کا حق محفوظ رکھتا ہے۔