نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے کہاہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مراحل کی سست روی سے مسائل و مشکلات جنم لے رہے ہیں الیکشن کمیشن انتخابی عمل میں موجود کمزوریوں کو دور کرے، دوسرے اور تیسرے مراحل کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے مرکزی اور ضلعی رہنماوں کے مرکزی سیکرٹیریٹ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ اجلاس میں کوئٹہ سے متعلق تنظیمی اور سیاسی فیصلے بھی کیے گئے۔ جان محمدبلیدئی نے کہا ہے کہ بلوچستان بھر میں ووٹر لسٹوں کی درستگی کا کام شروع ہوچکا ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ کام اساتذہ کے سپرد کردیا گیا ہے لیکن الیکشن کمیشن کی غیر ذمہ داریوں کی وجہ سے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں کافی مشکلات کا سامنا رہا اس لیے تمام علاقائی رہنماﺅں اور پارٹی کے ذمہ داروں کا فرض ہے کہ وہ ووٹر لسٹوں کی درستگی کے اس عمل میں براہ راست اپنا کردار ادا کریں۔ ووٹر لسٹوں اور پولنگ اسٹیشنز کو درست کریں۔ انہوںنے کہاہے کہ الیکشن کمیشن ،کوئٹہ اور لسبیلہ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول فوراً جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، نئی وفاقی حکومت حالات پر قابو کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ اب سیاسی تحریک کے بجائے حکومتی الائنس بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ریاستی مداخلت سے پاک شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات، جمہوریت کے استحکام اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے اتحاد میں شامل تھے۔ پی ڈی ایم کو وقت سے پہلے اقتدار قبول نہیں کرنا چاہیے تھا، انتخابی اصلاحات کے فوراً بعد انتخابات کی جانب جانا ہوگا۔