Tuesday, May 14, 2024
BALOCHI        URDU        BRAHUI        ENGLISH
About Us        Contact Us        Privacy Policy

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے کل ہونیوالے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے.

کل کا اجلاس وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد سے ڈاکٹر حفیظ شیخ کو یوسف رضا گیلانی کے ہاتھوں شکست کے بعد اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے طلب کیا ہے۔

وزیرِ اعظم کو قومی اسمبلی کے نصف سے زائد یعنی کم از کم 171 ارکان کا اعتماد حاصل ہونا چاہیے۔ بصورت دیگر وہ اسمبلی سے اپنا اعتماد کھو دیں گے۔ قومی اسمبلی کا یہ غیر معمولی اجلاس سہ پہر سوا بارہ بجے شروع ہوگا جس میں وزیرِ اعظم عمران خان پر اعتماد کی قرارداد پیش کی جائے گی۔

قومی اسمبلی قواعد کے مطابق یہ رائے شماری اوپن ووٹنگ یعنی شو آف ہینڈز کے ذریعے ہو گی۔

حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے وزیرِ اعظم پر اعتماد کے ووٹ کے لیے بلائے گئے قومی اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے بائیکاٹ کا باضابطہ اعلان کیا۔ ‏انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کی صورت میں حکومت پر عدم اعتماد ہو چکا ہے۔

انہوں نے نئے انتخابات کا مطالبہ بھی کیا۔

Courtesy: VOA URDU

Exit mobile version