نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے بی این پی عوامی کے مرکزی سینئر نائب صدر میراصغر رِند اور بی این پی مینگل کے مرکزی رہنما میجرجمیل احمد دشتی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن، سول وملٹری انتظامیہ اگر صاف وشفاف الیکشن نہیں کراسکتے تو سیاسی جماعتوں کو بتادیں، بلدیاتی انتخابات میں عوام کے حق رائے دہی کے راستے میں دھونس ودھمکی اور امیدواروں کو زبردستی دستبردارکرانے کی کوششیں ناقابل قبول اور قبل ازانتخابات کھلی دھاندلی ہیں، الیکشن کمیشن، حکومت اورمقامی انتظامیہ صاف وشفاف الیکشن کے انعقاد کو ہرقیمت پر یقینی بنائے، امیدواروں پر دھونس، زبردستی، مسلح افراد کے ذریعے ان پر دباؤاور انہیں دستبردارکرانے کی کوششیں کرنے والوں کے خلاف سرکارمقدمہ درج کرکے انہیں گرفتارکرے،گزشتہ روز تمپ کے ایک امیدوار عبدالرؤف کو سرکاری پارٹی کے مسلح افراد نے زبردستی ڈی سی آفس لاکر انہیں الیکشن میں بطور امیدوار دستبردارکرانے کی کوشش کی ہے، مسلح افراد کونسلر کے ایک امیدوار کو اٹھاکر ڈی سی آفس لاتے ہیں مگر قانون حرکت میں نہیں آتا اور ان مسلح افرادکو گرفتارنہیں کیا جاتا، عبدالرؤف کو لانے والے تمام مسلح افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا جائے-
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں سرکاری پارٹیوں اور وزراء کی طرف سے مختلف طریقوں سے دھاندلی اور مداخلت کی جارہی ہے،12سے15نئے پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جودھاندلی کی پہلی اسکیم ہے، صوبائی وزراء اپنے اپنے حلقوں میں موجودہیں وہ یہاں غریب عوام کو سولر پلیٹس، واٹرکورسز، تالاب، ٹیوب ویل، سلائی مشینیں، بلڈوزر گھنٹے ودیگر مراعات تقسیم کررہے ہیں حالانکہ الیکشن قواعد وضوابط کے مطابق الیکشن مہم کے دوران صوبائی وزراء اپنے حلقوں میں نہیں جاسکتے مگر سب وزراء یہاں نہ صرف موجود ہیں بلکہ الیکشن قواعد کی صریح خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں مگر اس پر الیکشن کمیشن مکمل خاموش ہے کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا ہے اب تو نوبت یہاں تک آپہنچی ہے کہ امیدواروں کو زبردستی دستبردارکرایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کی مکمل پابندی کررہے ہیں مگر حکومتی نمائندے خود اس کی خلاف ورزی کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بلوچستان کی سول وملٹری انتظامیہ چاہتے ہیں کہ بلوچستان اسی طرح آگ میں جلتا رہے یہاں کے عوام کی حق رائے دہی کو تسلیم کئے بغیر عوامی بے چینی کاخاتمہ ممکن نہیں ہے انہوں نے کہا کہ حکومت اور سیکورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ امیدواروں کو سیکورٹی دے مگر سرکار خود ملوث ہے-
بی این پی عوامی کے مرکزی سنیئرنائب صدر، سابق صوبائی وزیر میر اصغررند نے کہاکہ کل ہم سیاسی جماعتوں کے رہنما کمشنرمکران ڈویژن سے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنے خدشات وتحفظات کے بارے میں ملاقات کررہے تھے کہ اس دوران ہمیں اطلاع ملی کہ تمپ سے ہمارے ایک امیدوار عبدالرؤف کو 3مسلح افراد زبردستی اٹھاکر ڈی سی آفس لائے ہیں جہاں انہیں زبردستی امیدواری سے ریٹائر کیا جارہاہے جس پرہم بھی وہاں پہنچ گئے، سابق ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان ناظم الدین ایڈووکیٹ ودیگر سیاسی رہنما بھی وہاں آگئے،ڈی سی کیچ نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے امیدوار سے کہاکہ ایسا محسوس ہوتاہے کہ آپ پر دباؤ ہے اس لئے آج آپ کی ریٹائرمنٹ منظور نہیں کی جاتی، آپ کے پاس48گھنٹے ہیں، جس پر امیدوار وہاں سے نکل گئے بعدمیں ہمیں معلوم ہواہے کہ امیدوار غائب ہیں مگر رات کو معلوم ہواہے کہ وہ غائب نہیں ہیں بلکہ تمپ کے ایک انتظامی افیسرکے پاس ٹھہرے ہیں، یہ امیدوار ہمارے امیدوار ہیں مگر جو کچھ اس کے ساتھ کیاگیا ہے اس سے ظاہرہوتاہے کہ سرکاری پارٹی صاف وشفاف الیکشن نہیں چاہتی، اگریہی طریقہ برقرار رہاہے تو ایسے حالات میں صاف وشفاف الیکشن کاانعقاد ممکن نہیں، الیکشن کمیشن اور حکومت بلدیاتی الیکشن کو صاف وشفاف نہیں بناسکتے تو عام انتخابات کوکیسے صاف وشفاف بناسکتے ہیں مزید یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو آل پارٹیز صوبائی سطح پر احتجاج کا راستہ اختیارکرنے پرمجبورہوجائے گی-
بی این پی کے مرکزی رہنما میجر جمیل احمد دشتی نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کے مختلف حربے اختیار کئے جارہے ہیں پولنگ اسٹیشن تبدیل کرائے جارہے ہیں لوگوں کو تنگ کیا جارہا ہے بہت سارے لوگ الیکشن مہم کے دوران این جی اوز کے نام پر سولر پلیٹس، سلائی مشین ودیگر اشیاء تقسیم کررہے ہیں جو دراصل انہی حکومتی نمائندوں کے ہیں، سیاسی جماعتوں اور عوام کو پہلے سے خدشات وتحفظات تھے اب کل امیدوار کے زبردستی ریٹائر کرانے کی مذموم کوشش نے ہمارے خدشات وتحفظات کو درست ثابت کردیاہے، یونین کونسل نمبر8کے وارڈ نمبر1تنزگ میں پارلیمانی سیکرٹری ماہ جبین شیران کی گھرکے سامنے پولنگ اسٹیشن تشکیل دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل ہرالیکشن میں پولنگ اسٹیشن مڈل اسکول میں ہوتا آرہاہے انہوں نے کہا کہ ایسے پولنگ اسٹیشنوں کو ہم تسلیم نہیں کرتے۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.