لندن:
بلوچ ہیومن رائٹس کونسل (بی ایچ آر سی) کی جانب سے برطانیہ کے شہر لندن کے ‘سندھی سینٹر’ میں بی ایچ آر سی کے صدر و بانی رکن مرحوم ڈاکٹر حبیب ملک کی یاد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا- 15 مئی بروز اتوار منعقد ہونے والی اس تقریب میں سندھیوں سمیت پاکستان اور ایران کے زیر کنٹرول بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اور یورپ کے مختلف ملکوں میں مقیم بلوچ مرد و خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور بی ایچ آر سی کے صدر ڈاکٹر حبیب ملک کی بلوچ اور بلوچستان کیلئے خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا-
تقریب میں اسٹیج کے فرائض بی ایچ آر سی کے انفارمیشن سیکرٹری قمبر مالک نے سمبھالے- تقریب کی شروعات میں ڈاکٹر حبیب ملک کی یاد میں 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی- ڈاکٹر حبیب ملک کو یاد کرتے ہوئے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے کہا کہ ڈاکٹر حبیب ملک بلوچستان کی عظیم ہستیوں میں سے ایک تھے جنہوں نے بلا تفریق ہر ضرورت مند بلوچ کی بلوچستان اور یورپ میں مدد کی- بلوچ ادبی شخصیات نے ویڈیو پیغامات کے ذریے ڈاکٹر حبیب ملک کی خدمات کو سراہا جبکہ ایرانی ڈاسپورا کے بائیں بازو کے گروپ نے ڈاکٹر حبیب ملک کی یاد میں اپنا تحریری پیغام بھیجا-
مقررین میں کریم باشندہ، کرینا جہانی، محمد امین لاشاری، ناصر بلیدی، منیرہ شیرانی، رستم لاشاری، میجر مجید، مہر ناز، عزیز دادیار، جمشید امیری، ڈاکٹر حسین بور، دریا ملک، ڈاکٹر عبدالستار دشکی، حانی بارکزئی، رحیم بندووی، اسماعیل امیری، عبدللہ بلوچ، ڈاکٹر عظیم شیرانی، عبدلقیوم بلوچ، علی مبارکی، ڈاکٹر لکھو لوہانہ اور ڈاکٹر نصیر دشتی شامل تھے-