پنجگور:
بلوچستان ہائی کورٹ نے پنجگور سے دوخواتین اور ایک بچے سمیت پانچ افراد کے لاپتہ ہونے سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران آئی جی ایف سی ساوتھ بلوچستان اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کو نوٹسز جاری کردئیے۔ بلوچستان ہائی کورٹ میں دو خواتین اور ایک بچے سمیت پانچ افرادکے لاپتہ ہونے سے متعلق درخواست کی سماعت چیف جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس روزی خان بڑیچ پر مشتمل بنچ نے کی ،سماعت کے موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل غلام مصطفی بزدار،ایڈووکیٹ جنرل آصف ریکی اوردیگر پیش ہوئے،درخواست سینئر وکیل کامران مرتضی ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ دو خواتین مسماۃ شاہ بی بی،مسماۃ شہزادی،عبدالرحمان،سہراب اور ایک دوسالہ شیرخوار بچہ دوماہ سے لاپتہ ہیں-
عدالت میں ایک خاتون ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے بیان دیا کہ خواتین اور بچے سمیت پانچوں افراد ایف سی کیمپ پنجگورمیں ہیں عدالت نے معمول کی سماعت کے بعد لاپتہ افراد کے معاملے پر آئی جی ایف سی ساوتھ اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کوآج منگل کو دوپہر12 بجے کیلئے نوٹسز جاری کئے،نوٹس میں کہا گیا کہ آئی جی ایف سی ساوتھ عدالت میں پیش ہونے اورتفصیلات کیلئے متعلقہ افسر کو مقررکریں جبکہ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزازگورایہ کو عدالت میں پیش ہوکرمتعلقہ تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی جس کے بعد درخواست کی سماعت آج منگل کو دوپہر 12 بجے تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.