:کرونا وائرس
کرونا وائرس کے اومیکرون ویریئنٹ کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث ایک بار پھر دنیا بھر میں نظام زندگی متاثر ہو رہا ہے۔ امریکہ سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں سالِ نو کے آغاز پر ہی چار ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
اومیکرون ویریئنٹ نے امریکہ، یورپ، برطانیہ،پاکستان،انڈیا سمیت دنیا کے کئی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے بعد کئی ممالک دوبارہ پابندیاں سخت کر رہے ہیں۔
کیسز میں اضافے کے باعث کئی کمپنیاں ملازمین کے دفاتر اور گھر سے کام کرنے کے معمولات کو ازسر نو ترتیب دے رہی ہیں۔
امریکہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون تیزی سے پھیل رہی ہے۔ وزیرِ دفاع لائڈ آسٹن بھی کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔ اور امریکامیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے1 لاکھ 8 ہزار 122 کیسز جبکہ 162 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
دوسری جانب ارجنٹائن کے فٹ بالر اسٹار لیونل میسی کے علاوہ فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے تین کھلاڑی بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ویسٹ انڈیز میں انڈر 19 ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی زمبابوے کرکٹ ٹیم کے 4 کھلاڑی بھی کورونا کا شکار ہوگئے ۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے نگراں ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد جاری ایک اعلان کے مطابق ملک بر میں بیماری کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا اور یہ انکشاف ہوا کہ اومیکرون کیسز پر مشتمل کرونا کی پانچویں لہر تیزی سے پھیل رہی ہے، اور کراچی میں کرونا مثبت کیسز کی شرح دو سے بڑھ کر چھ فی صد ہو گئی ہے۔
پیرتک کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 45 ہزار 643 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 708 میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
پاکستان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اعلان کیا ہے کہ 30 سال سے زائد عمر کے افراد کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگواسکیں گے،این سی او سی کے مطابق بوسٹر ڈوز ان لوگوں کو لگائی جائے گی جنہوں نے ویکسین کی آخری خوراک 6 ماہ پہلے لگوائی ہوگی۔
بھارت میں عالمی وبا کورونا کے ساتھ جنوبی افریقی ویرینٹ اومی کرون کے کیسز بھی روزانہ کی بنیاد پر سامنے آ رہے ہیں۔
بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ڈپٹی وزیراعلیٰ اجیت پوار کا کہنا ہے کہ ریاست کے 10 وزراء اور 20 اراکین اسمبلی کورونا کا شکار ہیں۔
بھارت میں وائرس کی نئی قسم کے پیشِ نظر بچوں کی ویکسی نیشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق بھارت میں 15 سے 18 برس کے بچوں کی ویکسی نیشن پیر سے شروع کر دی گئی ہے۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کو ویکسین لگانے کا فیصلہ اومیکرون ویریئنٹ کے خدشات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا میں اومی کرون ویرینٹ سے پہلی 2 اموات رپورٹ ہوگئیں، بلغاریہ میں اومی کرون ویرینٹ کے پہلے 12 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اسرائیل میں اومی کرون کی روک تھام کے لیے 60 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد اور طبی عملے کو کورونا سے بچاؤ کی چوتھی ڈوز کا اعلان کردیاگیا۔
ادھر برطانیہ میں کویتی سفارتخانے نے وہان مقیم اپنے شہریوں کو اومی کرون ویرینٹ کے غیر معمولی پھیلاؤ کے سبب برطانیہ چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے
دوسری جانب یورپ میں بھی اومیکرون کے نئے کیسزتیزی کے ساتھ رپورٹ ہو رہے ہیں۔
خیال رہے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے اپنے پیغامی بیان میں نئے سال کے لیے اپنے عہد کے ساتھ تمام حکومتوں سے بھی درخواست کی تھی کہ وہ اپنے صحت کے شعبے میں بھرپور سرمایہ کاری کریں۔