بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے نئے وزیرِ اعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں۔
سابق وزیرِ اعلیٰ جام کمال کے استعفے کے بعد نئے قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے جمعے کو بلوچستان اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی۔
ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ارکان نے ووٹ رجسٹر کرائے۔ ایوان میں موجود 39 ارکان نے عبدالقدوس بزنجو کے حق میں ووٹ دیا لیکن اپوزیشن جماعتوں بلوچستان نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
اس سے قبل جمعرات کو عبدالقدوس بزنجو کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے اور وہ بلامقابلہ منتخب ہو گئے تھے تاہم انہیں اسمبلی میں اکثریتی ووٹ کے لیے 33 ارکان کی حمایت درکار تھی۔
جمعے کو بلوچستان اسمبلی سے اکثریتی ووٹ لینے کے بعد عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے دوسری مرتبہ وزیرِ اعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں۔
قائد ایوان کے انتخاب کے بعد اسمبلی فلور سے پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان نواب ثنا اللہ زہری، سردار یار محمد رند اور اصغر اچکزئی نے عبدالقدوس بزنجو کو وزیرِ اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔
Courtesy: VOA URDU
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.