کوئٹہ:
بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے نواحی علاقے میں ایک خود کش حملے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے کم از کم چار اہل کار ہلاک جب کہ 16 زخمی ہو گئے ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق تین سیکیورٹی اہل کاروں کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ خود کش حملے میں دو شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ ایک خود کش دھماکہ تھا جائے جب کہ جائے وقوعہ سے حملہ آور کا سر اور دیگر اعضا برآمد کر لیے گئے ہیں۔
کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) نے دھماکے کی ذمے داری قبول کی ہے۔
نیو سریاب پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ خود کش حملہ صبح ساڑھے سات بجے کوئٹہ مستونگ روڈ پر سونا خان چیک پوسٹ کے قریب ہوا۔
دھماکہ اتنا شدید تھا کہ دور دور تک اس کی آواز سنائی دی گئی۔
اہلکار کے بقول حملہ اس وقت ہوا جب ایف سی کی چار گاڑیوں میں اہلکار معمول کے مطابق ہزار گنجی سبزی منڈی جانے والے ہزارہ کمیونٹی کے مزدوروں کو سیکیورٹی کی فراہمی کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔
ایسے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک خود کش حملہ آور ایف سی کی گاڑیوں کے قریب آیا اور خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں ایف سی کے چار اہلکار ہلاک ہو گئے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ اور ایف سی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
Courtesy: VOA URDU
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.