بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں میڈیکل ٹیسٹ میں بے ضابطگیوں پر احتجاج کرنے والے طلباءپر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پر امن’ ہونہار طلباءپر لاٹھی چارج قابل افسوس ہے پولیس آئے روز قانونی حد سے تجاوز کر کے غیر قانونی اقدامات کر رہی ہے- مہذب معاشروں میں ماورائے قانون اقدامات کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی اب تو پر امن ‘ بے گناہ ‘ بے قصور طلباءجو اپنے حق کیلئے احتجاج کر رہے تھے ان کے ساتھ غیر انسانی روش اپنانا اس بات کی غمازی ہے کہ کوئٹہ و بلوچستان کے لوگوں کے ساتھ اب بھی نام نہاد جمہوری دور میں بھی آمرانہ روش روا رکھی گئی ہے پولیس کے ارباب و اختیار و ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کو تحفظ دے مگر یہ تو گنگا الٹی بہہ رہی ہے پر امن احتجاج کرنے والوں پر لاٹھی چارج اور تشدد کے ذریعے انہیں مظالم سے دوچار کیا ہے-
مزید یہ کہ بی این پی کوئٹہ و بلوچستان بھر کی نمائندہ جماعت ہے کسی کو بھی اختیار نہیں کہ وہ پولیس گردی اور رات کی تاریکی میں چادر و چار دیواری کے پامالی کرے اور خوف و ہراس پھیلائے جب قانون کے رکھوالے خود قانون کی دھجیاں اڑائیں گے تو یقینا معاشرے میں بحرانی کیفیت اور انارکی پھیلے گی-
بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے بلا وجہ لاٹھی چارج کی گئی اس کے ذمہ داروں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے پر امن احتجاج کرنے والوں پر لاٹھی چارج کرنے سے اجتناب کیا جائے ہم بخوبی جانتے ہیں کہ بلوچستان میں اس روش سے ثابت ہو چکی ہے کہ جمہوریت صرف لفاظی حد تک ہے جو خود انصاف کی نفی کرتا ہے جب انصاف فراہم کرنے والے ادارے موجود ہیں تو پولیس کو کیا ضرورت ہے کہ وہ لاٹھی چارج کرتے ہوئے قانون اپنے ہاتھ میں لے پارٹی کی جانب سے اس کی شدید مذمت کرتے ہیں