بلوچستان کی تحصیل مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں شہید کیے گئے کان کنوں کی تدفین آج بروز ہفتہ 9 جنوری کو کی جائے گی۔
شہدا کمیٹی اور ہزارہ برادری کے علما کے مطابق شہدا کی تدفین ہزارہ قبرستان کوئٹہ میں آج بروز ہفتہ 9 جنوری صبح 10 بجے کے بعد کی جائے گی۔ تدفین کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ گزشتہ رات 8 جنوری کو حکومت اور مظاہرین میں تحریری معاہدے کے بعد مذاکرات کی کامیابی کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد لواحقین اپنے پیاروں کی میتیں لے کر روانہ ہوگئے تھے
کامیاب مذاکرات کے بعد ایک گھر کے 5 شہداء کے ورثا نے مذاکرات کی کامیابی پر اطمینان اور اظہار یکجہتی کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ شہدا ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ آج ہفتے کے روز عزت کے ساتھ اپنے شہدا کی تدفین کریں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وفاقی وزیرعلی زیدی، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ذلفی بخاری نے دھرنے کے شرکا سے ایک بار پھر مذاکرات کیے جس کے بعد لواحقین نے 6 روز کے دھرنے کے بعد میتوں کی تدفین پر رضا مندی ظاہر کردی۔
شہدا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کا کہنا تھا کہ جیسے ہی شہدا کی تدفین ہوتی ہے وزیراعظم عمران خان کوئٹہ آئیں گے اور ان کے ہمراہ آرمی چیف بھی کوئٹہ آئیں گے اور لواحقین سے تعزیت کریں گے۔
واضح رہے کہ سانحہ مچھ کے بعد شہدا کے ورثا نے کوئٹہ میں میتوں کے ہمراہ کراچی اور لاہور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں دھرنے دیے جب کہ کراچی میں 30 سے زائد مقامات پر دھرنے دیے گئے تھے۔
مذاکرات کی کامیابی کے اعلان کے بعد شہدا ایکشن کمیٹی کے رہنما آغا رضا نے کہا کہ ہم نے شہدا کے لواحقین کے لیے دھرنا دیا اور ان کے مطمئن ہونے پر ہی دھرنا ختم کر رہے ہیں۔ اپنے شہدا کی تدفین پورے تقدس کے ساتھ کریں گے۔ آغا رضا نے ملک بھر میں دھرنا دینے والوں سے اپیل کی کہ ہمارے تمام مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں جس کے بعد تمام دھرنے پر امن طور پر ختم کردیئے گئے۔
Source: SAMAA
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.