افغانستان میں بھارت کی موجودگی کے حوالے سے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے تبصرے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دنیا کو خوب معلوم ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں کیا کچھ کیا ہے۔
پاکستانی وزیر خارجہ محمود قریشی نے گزشتہ دنوں افغان ٹی وی چینل ‘طلوع‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے مبینہ طور پر کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے کابل کی سرزمین کو پاکستان میں شرانگیزی کے لیے استعمال کرنے پر سخت تکلیف ہوتی ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کی ہفت روزہ بریفنگ میں جمعرات کو جب صحافیوں نے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان سے شاہ محمود قریشی کے مذکورہ بیان پر تبصرہ کے لیے کہا تو ترجمان اریندم باگچی کا کہنا تھا،”دنیا کو معلوم ہے کہ پاکستان نے افغانستان کو کیا دیا ہے۔”
کابل کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنے کے حق میں دلائل دیتے ہوئے اریندم باگچی کا کہنا تھا کہ بھارت نے سرحد پار کے حملہ آوروں کے ذریعہ تشدد سے تباہ حال افغانستان میں ترقی اور تعمیر نو کے ڈھیر سارے کام کیے ہیں، ”بھارت نے وہاں بجلی کے تار بچھائے، ڈیم بنائے، اسکول اور شفاخانے تعمیر کیے، سڑکیں بنائیں اور ساتھ ہی کمیونٹی پروگرام تک چلا رہا ہے لیکن پاکستان نے وہاں جو کچھ کیا ہے یہ دنیا کو معلوم ہے۔”
انہوں نے مزید کہا،”ہمیں اس بات کا پختہ یقین ہے کہ افغان عوام ہی اپنے شرکاء کار اور ان کے ساتھ شراکت کی نوعیت کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔‘‘
Courtesy: DW
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.