کوئٹہ:
بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی قائمقام صدر ملک عبدالولی کاکڑ نے بلوچستان کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے بی این پی کے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید الضحیٰ سادگی سے منائیں کیونکہ صوبے میں افراتفری کا عالم ہے اور لاپتہ افراد کے لواحقین اپنے پیاروں کیلئے پریشان ہیں-
ملک عبدالولی کاکڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان میں امن ومان کی صورتحال ابتر اور عوام مختلف قسم کے مسائل کا سامنا کررہے ہیں ، عالمگیر وباء کورونا وائرس اور صوبے میں حالیہ مون سون کی بارشوں و سیلابی ریلوں سے عوام کی مشکلات بڑھ گئی ہیں- دوسری جانب افغانستان میں صورتحال کشیدہ اور خون ریزی کا سلسلہ جاری ہے ایسی صورتحال میں بی این پی کا بحیثیت ایک ذمہ دار پارٹی فرض بنتا ہے کہ موجودہ صورتحال اور عوام کو درپیش مشکلات و مسائل کا ادراک کرتے ہوئے عید کی تہوار کو سادگی سے منائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک ،صوبے اور افغانستان کی موجودہ گھمبیر صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ ہم عوام کو درپیش مشکلات و چیلنجز اور خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر عید کی تہوار سادگی سے منائیں کیونکہ اس وقت عوام ہر طرف سے مشکلات میں گری ہوئی ہیں اور مسائل سے دوچار نظر آرہے ہیں، لوگ پریشان کن صورتحال سے دوچار ہوں تو ایسے میں عید کی خوشیاں دوبالا ہونے کی بجائے ماند پڑجایا کرتی ہیں- جہاں ہر طرف افراتفری اور انتشار و تشویش کا عالم ہو ان خطوں ، ممالک ، صوبوں اور خطہ زمین پر کیونکر خوشیاں اور جشن منائے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی ، بے روزگاری کے چیلنجز سے نمٹنا تو کجا موجودہ حکمران عوام کو گیس ، پانی ، بجلی جیسے بنیادی ضروریات کی فراہمی میں بھی مکمل طور پر ناکام ہیں لیکن وہ ٹویٹر اور سوشل میڈیا پر ”آل از ویل” کی راگ الاپتے ہوئے نہیں تھکتے- کورونا وائرس جیسے انسانی جان لیوا مرض سے سینکڑوں انسانی جانیں ضائع ہوئیں دوسری طرف صوبے میں امن وامان کی صورتحال تشویشناک حد تک خراب ہے جس کا واضح ثبوت اہم سیاسی رہنمائوں کو ٹارگٹ کرکے اغواء ودیگر شامل ہیں۔ ان دنوں بھی عوامی نیشنل پارٹی کے سرکردہ رہنماء ملک عبیداللہ کاسی لاپتہ ہیں جن کے متعلق ابھی تک قانون نافذ کرنے والے ادارے کھوج لگانے میں ناکام ہیں۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.