تربت:
ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ کا کوہ مراد زیارت کا دورہ، تین روزہ تھلیسیما بلڈ ڈونیشن کیمپ کا خون عطیہ کرکے افتتاح کردیا۔
کیچ تھلیسیما کیئر سینٹر کی جانب سے کوہ مراد زیارت میں منگل سے تین روزہ بلڈ ڈونیشن کیمپ لگایا گیا جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ نے خون کا عطیہ دے کر کیا۔
ڈپٹی کمشنر کیچ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ضلع کیچ میں تھلیسیما کے 500 مریض بچےرجسٹرڈ ہیں جن کو ہر وقت خون کی ضرورت پڑتی ہے، انہوں نے کہاکہ تھلیسیما کے زیادہ تر بچے غریب خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں کراچی یا دیگر شہروں میں جانے کی گنجائش نہیں ہوتی اس لیے رضاکارانہ بنیاد پر لوگوں کو چاہیے کہ خون عطیہ کریں کیونکہ یہ ایک احسن کام ہے جس سے بچوں کی زندگیاں بچانا ممکن ہوسکتا ہے۔
انہوں نے پولیس اور لیویز کے جوانوں کو کیمپ میں جاکر خون عطیہ کرنے کی ہدایت کی اس کے ساتھ تمام محکمہ جات کے سربراہان کو خون عطیہ کرانے کے لیے کیمپ جاکر رجسٹر کرانے کی ہدایت کی۔
علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ نے منگل کو کوہ مراد زیارت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمشنر مکران کے تعاون سے پی پی ایچ آئی اور ذکری کمیونٹی کی طرف سے لگائے گئے دو الگ الگ فری میڈیکل کیمپ کا معائنہ کیا، ڈپٹی کمشنر کیچ نے سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے لیویز فورس اور پولیس کے اقدامات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ نے زیارت کمیٹی کے سیزنل چیئرمین سید ملا برکت کے ہمراہ زائرین کے لیے لگائے گئے آل ذکری مسلم انجمن کراچی اور کمشنر مکران کے تعاون سے کوہ مراد زیارت پر لگائے گئے الگ الگ فری میڈیکل کیمپوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے لیویز فورس اور پولیس کی طرف سے زیارت پر سیکیورٹی کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا اور انہیں سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کردی۔
ڈپٹی کمشنر کیچ نے میڈیکل کیمپس میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈی ایچ او کیچ اور ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی کو ہدایت دی انہوں نے زیارت کمیٹی کو ضروری ادویات جو محکمہ صحت کی طرف سے دستیاب نہیں ہیں پرائیویٹ میڈیکل اسٹور سے خرید کر ان کی بل ڈپٹی کمشنر کیچ کو دینے کے لیے کہا۔
انہوں نے کہا کہ زائرین کو صحت اور علاج کی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی زمہ داری ہے اس معاملے میں ہمیں بریف کیا جائے جتنی ضروریات ہوں گی انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کیچ نے زیارت شریف میں صفائی اور ستھرائی کے لیے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت کو سخت ہدایت کی اور ان کو زیارت میں پانی کی فراہمی کے لیے بھی ہدایت دی۔
اس موقع پر پی اے ٹو ڈپٹی کمشنر کیچ شیرجان بلوچ کے علاوہ زیارت کمیٹی کے رہنما دار جان بزنجو، قدیر لقمان،یوسف جان اور دیگر موجود تھے۔
Discover more from Balochistan Affairs
Subscribe to get the latest posts to your email.