وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے پر دوستوں کا شکر گزار ہوں،کسی کے خلاف بھی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی ماضی کی حکومتوں نے اپوزیشن کو ہمیشہ نظر انداز کیا، موجودہ حکومت اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے پر یقین رکھتی ہے،مختصر مدت میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں لیکن ابھی بھی بہت کچھ کرنا ہے عوام کے لئے روزگار کے حصول کو آسان بنا رہے ہیں ہزاروں خالی آسامیوں پر میرٹ کے مطابق بھرتی کا عمل جاری ہے۔
یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ میں مدرسہ خیرالمدارس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں اپوزیشن کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا گزشتہ حکومت میں اپوزیشن سے ان کے احتجاج کے دوران انتہائی نارواسلوک کیا گیاانہوں نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت دونوں کو عوام نے منتخب کیا ہے ہم اپوزیشن اور سب سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے پر یقین رکھتے ہیں ہر حلقے کے عوام کا حق ہے کہ انہیں بنیادی سہولتیں ملیں ہم نے نظر انداز کئے گئے حلقوں کو بھی ترقیاتی فنڈز دیں گے انہوں نے کہا کہ پروٹوکول پر یقین نہیں عوام کے درمیان رہنا پسند ہے اپنی آمد ورفت کے دوران ٹریفک جام کرنا بند کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مختصر مدت میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں لیکن ابھی بھی بہت کچھ کرنا ہے حکومت عوام کے لئے روزگار کے حصول کو آسان بنا رہی ہے ہزاروں خالی اسامیوں پر میرٹ کے مطابق بھرتی کا عمل جاری ہے ریکو ڈک منصوبے میں 8 ہزار سے زائد آسامیاں پیدا ہونگی ریکو ڈک کا تاریخی معاہدہ کر کے بغیر کسی سرمایہ کاری کے بلوچستان کے لئے 25 فیصد حصہ حاصل کیاہے اللہ تعالیٰ نے ریکو ڈک معاہدہ کرنے کی جرأت دی اور رہنمائی کی جس پر اللہ کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ دوستوں نے تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے میں ساتھ دیا انکا شکر گزار ہوں تحریک عدم اعتماد سے بجٹ بنانے میں رکاوٹ پیدا ہوئی تحریک عدم کے باوجود محرکین سے احترام کا رشتہ برقرار ہے کسی محرک کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کرونگا۔