نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بالگتر تربت میں علاقائی عمائدین اور سیاسی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان مشرف رجیم کی لگائی آگ میں تاحال جل رہا ہے سینکڑوں نوجوان اس آگ میں جل کر راکھ ہوگئے ہیں لیکن پاکستان کے حکمرانوں کو تاحال اس کا ادراک نہیں۔
ملک اس وقت شدید معاشی و سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے شرائط نے بے روزگاری و مہنگائی میں بے تہاشا اضافہ کردیا ہے ملک کی صنعتیں بند ہونے کو ہیں ایکسپورٹ روک چکا ہے تیل خریدنے کے لیے ہمارے پاس ذرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کے کم ترین مقام پر ہیں لیکن تاحال ریاست کو مسائل کی سنگینی کا ادراک نہیں ہے۔ سیاسی انجینئرنگ سے ٹیسٹ ٹیوب سیاست دان پیدا کرنے سے بعض آنے کو تیار نہیں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سیاسی انجینئرنگ اور ٹیسٹ ٹیوب تجربات نے بلوچستان کے مسائل اور حالات کو سنگین تر بنا دیا ہے۔ اگر اب بھی حکمران طبقے کو ہوش نہیں آیا اور جمہوری و پارلیمانی سیاست کرنے والوں کا اعتماد جمہوریت اور انتخابی عمل سے اٹھ گیا تو اس کے مستقبل کی سیاست پر انتہائی بیانک اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔