ایران نے 2016 کے بعد پہلی بار متحدہ عرب امارات کے لیے اپنا سفیر مقرر کر دیا ہے۔ تہران نے منگل کے روز بتایا کہ اس نے متحدہ عرب امارات کے لیے نئے سفیر کی تقرری کر دی ہے اور رضا امیری جلد ہی اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیں گے۔
خیال رہے کہ سن 2016 میں ایک معروف شیعہ رہنما کو سعودی حکومت کی جانب سے پھانسی دیے جانے کے بعد ایرانی مظاہرین نے تہران میں سعودی سفارت خانے پرحملہ کر دیا تھا، جس کے بعد ریاض نے تہران کے ساتھ تعلقات منقطع کرلیے تھے۔ متحدہ عرب امارات نے بھی بعد میں ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کم کر لیے تھے۔
ایران کی خلیجی ملکوں کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے درمیان ایرانی وزیر خارجہ کی اپنے سعودی ہم منصب سے جمعرات کو بیجنگ میں ملاقات بھی ہو رہی ہے۔